سپریم لیڈ ر کی چشم پوشی سے کرونا نے المیہ برپا کیا،سرکردہ ایرانی شخصیات
تہران (این این آئی)ایران میں کرونا کے وجہ سے ہلاکتوں کا ذمہ دارسپریم لیڈر کو قرار دے دیا گیا۔عالمی وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کے خلاف عوام کا غم غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایران کی 100 سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات نے ایک کھلا خط شائع کیا جس میں انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو کرونا کی وباء کے معاملے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔مکتوب میں کہا گیا کہ سپریم لیڈر اور ان کے حاشیہ برداروں نے کرونا کی وباء کے بارے میں ایک ماہ تک قوم سے حقائق چھپائے رکھے۔ حقائق سے چشم پوشی برتنے کے نتیجے میں پورے ملک میں کرونا نے المیہ برپا کردیا۔ کرونا کی وباء اس لیے بے لگام ہے کہ حکومت نے شروع دن سے اس پرقابو پانے کے بجائے اس پر پردہ ڈالنے کی پالیسی اپنائی۔خامنہ ای پرتنقیدی مکتوب پر دستخط کرنے والی سرکردہ شخصیات میں بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سابق مشیر بہروز بیات، فزکس اور کیمسٹری کے سائنسدان مہران مصطفوی اورہا لینڈ سے نشریات پیش کرنے والے فارسی ریڈیو'زمانہ' کے سابق ڈائریکٹر مہدی جامی شامل ہیں۔
ایرانی شخصیات