آٹے کی دستیابی کیلئے 25سیل پوائنٹس قائم، 15744بیگز فروخت
لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر شہر میں آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے۔ ڈی سی دانش افضال نے کہا کہ آٹے کی فروخت کے لئے شہر میں مختلف مقامات پر 25سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ان سیل پوائنٹس پر آٹے کے ٹرک موجود ہیں۔بیگم کوٹ شاہدرہ، کریم پارک، گلشن راوی، سبزہ زار، وحدت کالونی، میاں پلازہ جوہر ٹاؤن، چائنہ سکیم، چوہنگ، ٹھوکر نیاز بیگ میں ٹرک کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار رائیونڈ، ماڈل بازار شیر شاہ کالونی، ماڈل بازار ہربنس پورہ، مانگا، گرین ٹاؤن، جلو موڑ، بھٹہ چوک اور اسلام پورہ میں آٹے کے ٹرک موجود ہیں۔کاہنہ نو، گجومتہ،نشتر کالونی، مکہ کالونی، شادمان گول چکر،ٹاون شب بازار اور چونگی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان قائم کردہ پوائنٹس سے آٹا با آسانی اورسستا دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کا مقصدکورونا وائرس کے حوالے سے عوام الناس کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز کی آٹا فروخت کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آٹے کے ٹرک شہر کے 25 پوائنٹس پر کھڑے کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے سماجی فاضلے کے لیے قطار مینجمنٹ پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 18250 بیگز تمام پوائنٹس پر بھیجے گئے، 15744 آٹے کے بیگز فروخت کر دیئے گئے،.2506 بیگز بچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام ٹرکنگ پوائنٹس آج بھی فعال رہیں گے اورعوام الناس ٹرکنگ پوائنٹس پر جا کر آٹا خرید سکتے ہیں۔