کرونا سے بچنے کیلئے احتیاطبی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا،جاوید قصوری

کرونا سے بچنے کیلئے احتیاطبی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا،جاوید قصوری

  

لاہور (پ ر)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ پاکستان میں بھی کرونا کے باعث ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ ہمیں اس وبا سے خود کو اور اپنے اہل و عیال کو بچانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منصورہ میں کرونا آگاہی مہم کے حوالے سے منعقد ہونے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک وائرس جس کے نتیجے میں بڑی بڑی طاقتیں بے بس ہو کر رہ گئیں ہیں۔ انسان چاند پر پہنچ گیا۔ سائنس نے بے پناہ ترقی کرلی مگر چھوٹے سے ایک وائرس نے سب کی ترقی اور بڑے بڑے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہی ہمارا خالق، مالک اور رازق ہے۔ ہمیں اپنے رب کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ توبہ استغفار کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کے حالات یہ بتارہے ہیں کہ ہمارا رب ہم سے ناراض ہے۔ہمیں بحیثیت قوم رجوع الی اللہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ایک کٹھن آزمائش ہے اور اس سے نجات کا واحد راستہ اللہ کی خوشنودی میں ہے۔ ہمیں اپنے گھروں کو اللہ کے ذکر سے آباد کرنا چاہیے۔ کرونا وائرس انسان کی اصل حقیقت دکھا دی ہے۔ غیر مسلم بھی اس وقت اللہ کی طرف رجوع کررہے ہیں۔ مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمیں ظاہری تدابیر کے ساتھ اپنے رب کی طرف لوٹنا ہے۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ گھروں میں باجماعت نماز ادا کرنے کا ماحول پیدا کیا جائے۔ تلاوت قرآن پاک کی جائے اور اپنے تعلق کو اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مضبوط کیا جائے۔ ہمیں اپنے قرب وجوار میں رہنے و الے غریب خاندانوں کی مکمل دیکھ بھال کرنی چاہیے۔ جماعت اسلامی ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں آگے بڑھ پر متاثرین و مستحقین کی مدد کرتی ہے۔ جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکن اس وقت امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔اور ان شاء اللہ ملک میں کرونا وائرس کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گئی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -