حکومت نے ہر کام میں تاخیر کی ہے، لیاقت بلوچ
لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی، سابق ممبر ان ڈاکٹر فرید احمد، میاں محمد اسلم، صاحبزادہ طارق اللہ، صاحبزادہ محمد یعقوب، محمد حسین محنتی، شبیر احمد خان، صابر حسین اعوان، حافظ سلمان بٹ، حاجی جاوید اقبال چیمہ، مولانا اسد اللہ، مولانا فضل سبحان، سید بختیار معانی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، لئیق احمد خان، مولانا عبدالمالک، عائشہ منور، سمیحہ راحیل قاضی اور عائشہ سید سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کورونا وباء اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جماعت اسلامی اورالخدمت فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا بار بار عوام سے خطاب بے بسی اور بے رنگ ہوگیاہے۔ حکومت کو عمل سے کوئی نہیں روک رہا، حکومت نے ہر کام میں تاخیر کی ہے۔ کورونا وبا حکومتی تاخیری تدابیر، ناقص و ناکافی میڈیکل سہولیات اور طو یل لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام و سماجی، اقتصادی، نفسیاتی، معاشرتی محاذ پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اب وقت آگیاہے کہ اسلامی نظریہ، امانت و دیانت دل اور عمل سے قبول کی جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پارلیمنٹ، ریاست اور قومی قیادت قومی ترجیحات کا لائحہ عمل بنائے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار جذبہ ایمانی، انسانی خدمت اور مستحق افراد کی مدد کے لیے مقدو ر بھر جدوجہد کررہے ہیں۔ تمام صوبوں، اضلاع، تحصیلوں اور محلوں کی سطح پر وسیع نیٹ ورک فعال ہے۔ کارکنان عوام کو رجوع الی اللہ، توبہ و استغفار اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ وہ انسانوں پر اپنی خاص رحمت و کرم سے جلد کورونا وبا سے نجات عطا فرمائے گا۔