وزیراعظم نے قوم کو متحد کرنے کے بجائے انتشار پھیلا یا، محمد علی درانی

وزیراعظم نے قوم کو متحد کرنے کے بجائے انتشار پھیلا یا، محمد علی درانی

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ قومی ادارے کرونا سے لڑ رہے ہیں جبکہ وزیراعظم ان سے لڑ رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں دونوں جانب بیٹھے تمام ارکان وزیراعظم کی غیرذمہ داری کا فوری نوٹس لیں۔ کرونا سے عوام کو بچانے کے لئے چاروں صوبوں کے اقدامات کے خلاف وزیراعظم کی ہرزہ سرائی پر صوبائی اسمبلیوں کو قراردادمذمت منظور کرنی چاہئے۔وزیراعظم نے اپنی حکومت کے اقدامات کے خلاف قوم سے خطاب کیا۔وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں محمد علی درانی نے کہا کہ ملک میں کرونا کی آگ لگی ہے جبکہ وزیراعظم اپنی تقریروں سے اس پر پٹرول چھڑک رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا کا راستہ روکنے کے اقدامات کے خلاف وزیراعظم پندرہ روز سے مسلسل عوامی مہم چلارہے ہیں۔ عمران خان وزیراعظم کے عہدے کی ذمہ داریوں کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ وزیراعظم اپنی قیادت میں قوم کو متحد کرنے کے بجائے انتشار پھیلا رہے ہیں۔وزیراعظم کی تقاریرمیں حالات کے بارے میں استدلال سن کر خوف طاری ہوگیا ہے۔یہ تقریر بتاتی ہے کہ ہم ایسی گاڑی میں سوار ہیں جس کا ڈرائیور نہ دیکھ سکتا ہے نہ سن سکتا ہے۔قوم کی گاڑی ایسا شخص چلارہا ہے جو سوچنے سمجھنے سے محروم ہے۔عمران خان نے اپنے خطاب میں مودی کی تقریر کا غلط حوالہ دے کر پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کرائی ہے۔ چاروں صوبے اور ملکی ادارے اس معاملے میں اپنی خاموشی سے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں لاکھوں جانوں کے ضیاع کا سنگین خطرہ ہے کیونکہ وزیراعظم قوم کے بجائے کرونا وائرس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

محمد علی درانی

مزید :

صفحہ آخر -