جاپان کی گاڑی ساز کمپنیوں نے پیداوار جزوی طور پر روک دی

جاپان کی گاڑی ساز کمپنیوں نے پیداوار جزوی طور پر روک دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کی گاڑی ساز کمپنیاں اندرون ملک گاڑیوں کی پیداوار جزوی طور پر روک رہی ہیں۔ اس کی وجہ، نئی گاڑیوں کی مانگ میں کمی اور نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بیرون ملک سے پرزہ جات کی فراہمی میں بڑھتی ہوئی مشکلات کو قرار دیا گیا ہے۔جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق موٹو ساز کمپنی مزدا اور متسوبیشی موٹرز نے گزشتہ ہفتے کے آخر سے آئندہ ماہ تک پیداوار روک دی ہے۔ ٹویوٹا، ہونڈا، نسان اور سوزوکی بھی اپریل سے پیداوار روکنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔جاپانی گاڑی ساز کمپنیوں پر نئے کورونا وائرس کے پھیلاوکا پہلا اثر بنیادی طور پر چین میں ان کے کارخانوں پر پڑا تھا، جنہیں بند کر دیا گیا تھا۔ جاپان کے لیے پرزوں کی فراہمی میں بھی خلل آیا ہے۔
اگرچہ ان کارخانوں نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے، لیکن مقامی مارکیٹ میں نئی گاڑیوں کی مانگ میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ فروری میں فروخت، گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 80فیصد کے قریب کم رہی۔ یہ سست روی کچھ عرصے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔جاپان کی گاڑی ساز کمپنیوں نے یورپ، امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں بھی اپنے کارخانے بند کر دیے ہیں۔ ماہرین نے فروخت میں بڑی کمی کی پیشگوئی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی کارکردگی پر اثر پڑنا ناگزیر ہو گا۔

مزید :

عالمی منظر -