جاپان کرونا نے نامور مزاحیہ فنکار کی جان لے لی

      جاپان کرونا نے نامور مزاحیہ فنکار کی جان لے لی

  

ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے نامور مزاحیہ اداکار شِمْورا کین ٹوکیو کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ 70 سالہ مزاحیہ فنکار کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی تھی۔17 مارچ کو انہیں طبیعت کی خرابی کی بناء پر ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ان میں شدید نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔ دل اور پھیپھڑوں کی مشین کے ذریعے ان کا علاج کیا جا رہا تھا۔ 25 مارچ کو ان کے دفتر نے عوام کو بتایا تھا کہ ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔شِمْورا، سنہ 1950 میں ٹوکیو کے ہِگاشی مْورایاما شہر میں پیدا ہوئے تھے۔ ہائی اسکول کی تعلیم کے دوران ہی وہ ایک مقبول راک اینڈ رول کامیڈی گروپ ’ڈرِفٹرز‘ کے ساتھ معاون کے طور پر وابستہ ہوگئے تھے۔ 1974 میں وہ اس بینڈ کے مکمل رکن بن گئے۔وہ ٹی وی کے ایک منجھے ہوئے فنکار تھے۔ لیکن انہوں نے خصوصی طورپر مزاح کی جانب توجہ دی اور 2006 میں ایک تھیٹر کمپنی کے رہنما بن گئے۔ وہ تین تاروں والا روایتی جاپانی ساز ’شامی سین‘ بھی بجاتے تھے۔گزشتہ ماہ اپنی 70ویں سالگرہ منانے کے بعد بھی وہ ٹی وی ورائٹی شوز میں آتے تھے۔

مزید :

عالمی منظر -