ٹوکیو میں کرونا انفیکشن ذرائع کی تلاش کی کوششیں
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے دارالحکومت کی گورنر کوئیکے یوریکو نے کہا ہے کہ وہ ٹوکیو میں رپورٹ ہونے والے کورونا وائرس کے انفیکشن کیسز کے ذرائع کی نشاندہی کرنے کی کوشش کریں گی۔جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق کوئیکے نے گذشتہ روز ٹوکیو میں صحافیوں کو بتایا کہ بہت سارے رہائشیوں نے اختتام ہفتہ پر اْن کی درخواست کے مطابق باہر جانے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل تعاون کی خواہاں ہیں اور لوگوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ آئندہ جمعہ تک غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے اس خبر کا بھی ذکر کیا کہ اتوار کے روز ٹوکیو میں 68 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جو دارالحکومت میں اب تک ایک دن میں سب سے بڑی تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے بہت سے افراد کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ہسپتالوں میں انفیکشن کا شکار ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کیسز کا تفصیلی جائزہ لینا ضروری ہے جن میں انفیکشن کے ذرائع نا معلوم ہیں۔ کوئیکے نے اپنی اس درخواست کا اعادہ کیا کہ لوگوں کو رات کے وقت باہر جانے سے پرہیز کرنا چاہئے۔