حکومت آمرانہ کارروائیاں بند کرے، ملی یکجہتی کونسل سندھ

  حکومت آمرانہ کارروائیاں بند کرے، ملی یکجہتی کونسل سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملی یکجہتی کونسلٍ سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر بالخصوص سندھ میں کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کونسل کے صوبائی عہدیداران اور ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جید علماء کرام اور دینی رہنماؤں کے حکومت کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں طے پانے والے لائحہ عمل پر اس کے الفاظ اور روح کے مطابق عمل کیا جائے اور حکومت قانون کی آڑ میں آمرانہ کاروائیاں بند کرے۔علماء کرام و نمازیوں کیخلاف قائم مقدمات کو فوری واپس لینے کا نوٹیفیکشن جاری کیا جائے اور آئندہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے۔کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے علمائے کرام ودینی وسیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے اور ضلعی سطح پر ”اینٹی کورونا کمیٹیز“تشکیل دی جائیں۔ پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا ایک طرف کورونا وائرس کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے رجوع الی اللہ اور توبہ واستغفار کی طرف قوم کو مائل کرے اور دوسری طرف قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی فضا بنائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر مستحقین کی امداد کیلئے شفاف اور فوری انتظامات کریں اور اس کیلئے مستحقین کا تعین وامداد کیلئے مکمل ضابطے کا اعلان کیا جائے،نیز شفاف فہرستیں بنا کر جاری کی جائیں تاکہ اہل خیر حضرات وفلاحی تنظیمیں اس کے مطابق مستحقین کی امداد کرسکیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اللہ کے گھروں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کی حرمت کوقائم رکھنے کی خاطر، مساجد اور شعائر اللہ کے انتظامات علماء کرام کے حوالے ہی رہنے دیئے جائیں۔میڈیا کو رونا وائرس کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے عوام کو ہیبت زدہ کرنے کی بجائے قرآن وحدیث کی روشنی میں اس طرح کی آفات سے بچنے کیلئے حوصلہ افزا دینی پروگرام نشر کرے۔کرونا وائرس کے علاج کا موثر انتظام کیا جائے اور شفا یاب ہونے والوں کو صحت مند ہو نے کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے۔