ٹانک میں بارشوں سے مختلف علاقوں میں تباہی، کھڑی فصلوں کو نقصان
ٹانک(نمائندہ خصوصی) بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ٹانک کے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی، جگہ جگہ گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم کھڑی فصلوں کو شدیدنقصان، اعلی حکام سے مدد کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین روز سے ٹانک میں جاری وقفے وقفے کی بارش نے ٹانک کے مکینوں کو شدید نقصان سے دوچار کیا ہے بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث ٹانک کے مختلف علاقوں میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے گندم اور چنے کی کھڑی فصل سیلابی ریلوں کی نذر ہوکر رہ گئی ہے جبکہ دوسری جانب بارشوں سے دیہی اور شہری علاقوں میں متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئی ہیں مبینہ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ متاثرہ افراد کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے گھریلوضرورت کا سامان انتظامیہ نے مستحق افراد کے بجائے من پسند افراد میں تقسیم کیا ہے جس پر عوامی حلقوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہاہے انہوں نے وزیرا علی خیبر پختونخوا محمود خان اور مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیرسمیت دیگر متعلقہ حکام سے متاثرہ زمینداروں اور گھروں کی فوری امداد کی اپیل کی ہے۔