عوام نے تعاون نہ کیا تو وبا سے جان چھڑانا مشکل ہو جائیگا: وزیراعلٰی سندھ

عوام نے تعاون نہ کیا تو وبا سے جان چھڑانا مشکل ہو جائیگا: وزیراعلٰی سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے، بغیر تعاون کے اس وبا کو شکست دینا مشکل ہوجائے گا۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلی سندھ نے صوبے کی عوام سے ایک مرتبہ پھر احتیاط برتنے اور گھروں میں رہنے کی اپیل کردی۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی گھروں میں رہیں، ہم اس بیماری کو آپ کی مدد سے ہی شکست دے سکتے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہاکہ اگر آپ کا تعاون نہیں رہا تو اس مرض سے جان چھڑانا مشکل ہوجائے گا۔ وزیراعلی سندھ نے کہاکہ منگل کو سندھ میں 627 کورونا کے کیسز ہیں، صوبے میں 272 زائرین ہیں جو کل مریضوں کا 43 فیصد بنتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 62 کیسز ایسے ہیں جو باہر سے آئے ہیں اور جو کل کیسز کا 10 فیصد ہیں۔مراد علی شاہ نے کہاکہ مقامی منتقلی کے 293 کیسز ہیں جو کل کیسز کا 47 فیصد بنتے ہیں۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال کراچی کے 6ملازمین کرونا کی زد میں آگئے، ایم ایس ڈاکٹر خادم حسین قریشی،خبر سنتے ہی میڈیکٹ لباس کے باوجود دفتر چھوڑ کر گھر منتقل، عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے باوجود اسپتال کے عملے کو حفاظتی اقدامات مہیا نہیں کیا گیا، میڈیکٹ گاؤن، دستانے، ماسک کی قلت نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے اقدامات پر پانی پھیردیا، اسپتال کے ملازمین میں خوف اور نیم طبی تنظیموں کی جانب سے تشویش کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق صوبے کے سب سے بڑے تدریسی اسپتال سول اسپتال کراچی میں جہاں کرونا کی تشخیصی سہولت اور آئسولیشن وارڈ بھی قائم ہے وہاں نیم طبی عملہ بے سروسامانی میں فرائض انجام دے رہا ہے، اسپتال کے 6ملازمین کرونا کی زد میں آگئے جس کے بعد طبی و نیم طبی عملے میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے، خبر سنتے ہی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم حسین قریشی دفتر چھوڑ کر گھر منتقل ہوگئے جبکہ افسران اپنے کمروں تک محدود ہیں اور طبی و نیم طبی عملہ بے سرو سامانی میں اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، عملے کے پاس کوئی حفاظتی کٹس ہے اور نہ ہی میڈیکٹ گاؤن اور دستانے، بیشتر طبی ونیم طبی عملہ وارڈز میں ڈیوٹی کرنے سے گریزاں ہے۔ اس ساری صورتحال پر آل سندھ پیپلز پیرامیڈیکل اسٹاف کراچی کے صدر نیاز احمد خاصخیلی کا کہنا ہے کہ نیم طبی عملہ اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر قوم کے مستقبل کیلئے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے لیکن انہیں عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق حفاظتی سامان میسر نہیں۔ افسران کو فرنٹ سے لیڈ کرنا ہوتا ہے جبکہ افسران ہی کمروں میں بیٹھ کر ہدایات دیں گے تو اس سے نیم طبی عملے کاحوصلہ پست ہوگا۔ سندھ حکومت کے بروقت اقدامات سے لوگوں کی زندگیوں کے خطرات کم ہوئے ہیں لیکن سول اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے اقدامات پر پانی پھیر دے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سول اسپتال میں کرونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور طبی ونیم طبی عملے کو ضروری ساز و سامان مہیا کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -