تمام یوسی چیئر مین مستحقین میں کھانے اور راشن تقسیم کرنے کا عمل شروع کریں: میئر کراچی

تمام یوسی چیئر مین مستحقین میں کھانے اور راشن تقسیم کرنے کا عمل شروع کریں: ...

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام یوسی چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں غریب لوگوں میں پکے ہوئے کھانے اور راشن تقسیم کرنے کا عمل شروع کریں، میئر کراچی نے کورونا سے بچاؤ مہم کے سلسلے میں برنس روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فائر بریگیڈ کے ذریعہ جراثیم کش ادویات ملے پانی کا چھڑکاؤ کا آغاز کیا، تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے یوسی 26 آئی آئی چندریگر روڈ پر پکا ہوا کھانا لوگوں میں تقسیم کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور یوسی 26 کے چیئرمین قیصر امتیاز بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ یوسی 26 کے چیئرمین قیصر امتیاز نے 800 لوگوں کے لئے روزانہ کھانے کا انتظام کرکے ایک مثال قائم کی ہے اور عام لوگوں کو 10 روپے میں ناشتہ اور 20 روپے میں دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے جس سے ان کی عزت نفس بحال رہتی ہے کیوں کہ وہ سستا کھانا خرید کر کھا رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ آج سے کھانے پینے کی دکانوں، فورڈ اسٹریٹ اور فٹ پاتھوں پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعہ جراثیم کش اسپرے کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جاسکے، آج فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کے ذریعے برنس روڈ، گوشت مارکیٹ، سبزی مارکیٹ، ہائی کورٹ، سندھ اسمبلی، پاکستان چوک اور ملحقہ علاقوں میں اسپرے کاکام مکمل کیا جائے گا، فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے کناروں پر جو لکویڈ اسپرے کیا جارہا ہے وہ انتہائی موثر ہے، برنس روڈ پر موجود شہریوں نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے میئر کراچی کے اس اقدام کو سراہا، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ ہر شخص اپنی اپنی جگہ پر کردار ادا کرے تو ہم اس مشکل وقت سے نکلنے میں کامیاب ہوسکیں گے، شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں، علاوہ ازیں میئر کراچی نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کادورہ کیا اور بحریہ ٹاؤن کی جانب سے بھیجے گئے آٹے کے ایک ہزار تھیلے وصول کئے، انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بڑے پیمانے پر راشن تقسیم کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ شہریوں کی دہلیز پر یہ راشن پہنچائیں انہوں نے کہا کہ غریبوں اور کم آمدنی والے افراد کا ڈیٹا یوسی سطح پر جمع کیا جا رہا ہے تاکہ ان حالات میں ان کی بھر پور مدد کی جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہر یوسی اپنی اپنی حدود میں روزمرہ کام کرنے والے افراد غریب اور مستحق افراد کی مدد کو اپنا شعائر بنائیں اور اس اہم موقع پر اپنے علاقے کے مکینوں کو اکیلا نہ چھوڑیں، میئر کراچی نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، حفاظتی ماسک اور سینیٹائزرز خرید کر براہ راست بھی خدمت خلق فاؤنڈیشن کو دے سکتے ہیں تاکہ انہیں فوری طور پر مستحقین کو پہنچایا جا سکے۔

مزید :

صفحہ اول -