’اَن دیکھے دشمن‘ کے وار تیز، مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ، رائیونڈ لاک ڈاون، امداد کی منظوری،دنیا کی حالت خراب

’اَن دیکھے دشمن‘ کے وار تیز، مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ، رائیونڈ ...
’اَن دیکھے دشمن‘ کے وار تیز، مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ، رائیونڈ لاک ڈاون، امداد کی منظوری،دنیا کی حالت خراب

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس نے تقریبا پوری دنیا کو اس وقت اپنی لپیٹ میں رکھا ہے ، پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی ہے ،مجموعی تعداد 2 ہزار 39 ہو گئی ہے جبکہ کراچی میں مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں 676، پنجاب میں 708، خیبرپختونخوا میں 253، گلگت بلتستان میں 184، بلوچستان میں 158، اسلام آباد میں 54، آزاد کشمیر میں 6 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک بھر میں 82 افراد صحتیاب ہوگئے۔پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 8، خیبرپختونخوا 6، گلگت بلتستان 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث پنجاب کی صورتحال

پنجاب میں گزشتہ روز مزید 57 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 708 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان زائرین، ملتان، رائے ونڈ اور فیصل آباد قرنطینہ میں 337 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔لاہور میں 154، گجرات 72، راولپنڈی 45، جہلم 28، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 12، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5، 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان، بہاولنگر اور میانوالی 3، 3 جب کہ نارووال، لودھراں، ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2، 2 کیس ہیں۔ اس کے علاوہ اٹک، خوشاب، بہاولپور، قصور اور لیہ میں ایک ایک کیس ہیں۔صوبے میں اب تک 5 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

رائیونڈ میں مکمل لاک ڈاﺅن

رائیونڈ میں 27 مریض سامنے آچکے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے تبلیغی مرکز اور شہر میں مکمل لاک ڈاون کر کے تمام جنرل سٹورز، میڈیکل سٹور، بیکری کی دکانیں بند کروا دیں، محلوں اور چوراہوں پر پاک آرمی اور رینجرز کے اہلکارتعینات کردئیے گئے ہیں۔ مساجد میں اعلانات کئے گئے کہ لوگ گھروں میں رہیں۔ تبلیغی جماعتوں میں شامل تمام ملکی و غیر ملکی افراد کی سکریننگ کی جائے گی۔

امداد کی منظوری اور پنجاب میں دکانوں کے کھلنے بند ہونے کے اوقات کار تبدیل ، سختی کر دی گئی

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاون کے باعث وفاقی حکومت نے غریبوں، مزدوروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فی خاندان 12 ہزار امداد کی منظوری دیدی جبکہ پنجاب حکومت نے بھی فی خاندان 4 ہزار روپے امداد کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے صوبہ بھر میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کے اوقات کار آج سے صبح 9 سے شام 5 بجے تک مقرر کر دیئے۔ احکامات کے مطابق صوبہ بھر میں کریانہ، سبزی کی دکانیں او رجنرل سٹورز وغیرہ شام 5 بجے بند ہوجائیں گے، میڈیکل سٹور اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

کوروناوائرس کے باعث دنیا کی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 42 ہزار 345 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور یہ سلسلہ تھمنے کانام نہیں لے رہاہے ، دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کی کوئی ویکسین موجود ہیں تاہم اس کے باوجو د بھی ڈاکٹرز اپنی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے جانوں کو بچا رہے ہیں ۔

کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اس وقت امریکہ بن گیاہے جہاں کیسز کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 624 ہو گئی ہے جبکہ چار ہزار 80 افراد موت کے سپرد ہو گئے ہیں ۔

اگر اموا کے حوالے سے دیکھا جائے تو اٹلی میںتعداد سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک وائرس کے باعث 12 ہزار 428 افراد جان کی بازر ہار چکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثرہ ہوئے ہیں ۔

سپین میں 95 ہزار سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 464 ہو گئی ہے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -