مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار دو مریض جان کی بازی ہار گئے

مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار دو مریض جان کی بازی ہار گئے
مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار دو مریض جان کی بازی ہار گئے

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کی وزارتِ صحت کے مطابق مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار دو مریض جان کی بازی ہار گئے جس سے اب تک سعودی عرب میں کورونا وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ 165 افراد شفایاب ہوئے ہیں. سعودی وزارتِ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مملکت میں مزید 110 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس سے مملکت بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1563 ہوگئی ہے. 

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے شکار تازہ ترین 110 مریضوں میں سے زیادہ تر تعداد دارالحکومت ریاض سے سامنے آئی جہاں 33 مریضوں میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر ساحلی شہر جدہ ہے جہاں 29 مریض جبکہ تیسرے نمبر پر مکہ مکرمہ میں 20 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے.علاوہ ازیں سعودی عرب کے دیگر شہروں القطیف میں 7، الخبر 4، دمام 3، مدینہ منورہ 3، الھفوف 2، دہران 2، جازان 2، البدایع 1، ابھاء 1، الخفجی 1، راس تنورہ 1 اور خمیس مشیط میں 1 مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے.

یاد رہے کہ خادم الرحمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے گزشتہ روز سعودی عرب میں موجود کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا سعودی شہریوں اور مقیمین کے لئے کورونا وائرس کا مفت علاج کرنے کا حکم جاری کیا تھا، مملکتِ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کو ہرممکن بہترین طبی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں جسے سعودی شہریوں اور دنیا بھر سے مملکت میں مقیم افراد نے سراہا ہے اور حکومت سعودی عرب کے بروقت اقدامات کی تعریف کی ہے. 

مزید :

عرب دنیا -کورونا وائرس -