دنیا کے کئی ممالک میں روزانہ لاکھوں ٹیسٹ ہورہے ہیں لیکن پاکستان میں اب تک کورونا کے کتنے ٹیسٹ کیے گئے ؟ تعداد اتنی کم کہ کوئی بھی پریشان ہوجائے

دنیا کے کئی ممالک میں روزانہ لاکھوں ٹیسٹ ہورہے ہیں لیکن پاکستان میں اب تک ...
دنیا کے کئی ممالک میں روزانہ لاکھوں ٹیسٹ ہورہے ہیں لیکن پاکستان میں اب تک کورونا کے کتنے ٹیسٹ کیے گئے ؟ تعداد اتنی کم کہ کوئی بھی پریشان ہوجائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کا کلیہ " ٹیسٹ، ٹیسٹ اور ٹیسٹ" بتایا گیا ہے اور دنیا اس پر پورے طریقے سے عمل کر رہی ہے لیکن پاکستان میں کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے انتہائی سستی دیکھی جارہی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی طور پر صرف 15 ہزار 195 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 2 ہزار 39 لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے لیکن جب تک ٹیسٹوں کی رفتار ہی نہیں بڑھائی جائے گی تب تک یہ سامنے نہیں آئیں گے، اگر ٹیسٹوں میں تیزی نہ لائی گئی تو یہ بھی خطرہ ہے کہ بے خبری میں پازیٹو لوگ بہت سے نئے لوگوں میں یہ وائرس منتقل کرتے رہیں گے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے یکم اپریل کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں اب تک صرف 1703 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں یہ تعداد 2720 جبکہ سندھ میں سب سے زیادہ 6 ہزار 578 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں 1271، بلوچستان میں 1934، آزاد جموں و کشمیر میں 239 اور گلگت بلتستان میں 750 لوگوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔