پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 137 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 71 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں بدھ کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی اور ہلاکتوں کی تعداد 26 ہی برقرار ہے۔ اب تک 82 مریض ایسے ہیں جو کورونا وائرس سے صحتیاب ہو کر گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ 10 مریض تشویشناک حالت میں ہسپتالوں میں داخل ہیں۔
پاکستان میں صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مثبت کیسز ہیں، یہاں مریضوں کی تعداد 740 ہوچکی ہے جبکہ سندھ میں کورونا وائرس کے 676 مریض ہیں۔ خیبر پختونخوامیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 253، گلگت بلتستان میں 184، بلوچستان میں 158، اسلام آبادمیں 54 اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 ہے۔
جاپان کی پاکستان کے لیے امداد
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امورحماداظہرنے بتایا ہے کہ کہ حکومت جاپان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئےپاکستان کو 20 لاکھ ڈالرگرانٹ فراہم کردی ہے۔
سعودی عرب قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کرے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت ترقی پذیر ممالک شدید معاشی دباؤکا شکار ہیں ، سعودی عرب سے گزارش کی ہے واجب الادا قرضوں کی ری سٹرکچرنگ کی جائے، جس پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا قرضوں کی ری سٹرکچرنگ اچھی تجویز ہے۔
پاکستان میں ٹیسٹوں کی آہستہ رفتار پر ماہرین کی تشویش
پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک مجموعی طور پر صرف 15 ہزار 195 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 2 ہزار 39 لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے لیکن جب تک ٹیسٹوں کی رفتار ہی نہیں بڑھائی جائے گی تب تک یہ سامنے نہیں آئیں گے، اگر ٹیسٹوں میں تیزی نہ لائی گئی تو یہ بھی خطرہ ہے کہ بے خبری میں پازیٹو لوگ بہت سے نئے لوگوں میں یہ وائرس منتقل کرتے رہیں گے۔
کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کو ٹی وی پر مدعو کیا جائے
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کوٹی وی پر مدعو کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے لوگوں میں وبا کے حوالے سے پھیلے خوف و ہراس کو کم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ اس سے معاشرے میں ایسے مریضوں کو درپیش امتیازی سلوک میں بھی کمی آئے گی۔
تبلیغی جماعت سے معذرت
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے تبلیغی جماعت کے ارکان کے ساتھ پولیس کے رویے پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ جس نے بھی ظلم کیا ہے اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔
کورونا وائرس کے پاکستانی معیشت پر اثرات
اقوام متحدہ کی طرف سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کے سبب اس قدر معاشی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کہ اس سے نکلنے کے لیے ان ممالک کو 2.5ٹریلین ڈالر کے امدادی پیکج کی ضرورت ہو گی۔ جن ممالک کوکورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ معاشی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ان میں سب صحارن افریقی ممالک اور ان کے علاوہ پاکستان اور ارجنٹینا شامل ہیں۔