"پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 10 گنا زیادہ ہے" اہم حکومتی شخصیت کا پریشان کن انکشاف
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے حقیقی کیسز کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز بہت کم رپورٹ ہورہے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 10 گنا زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور اگر تیمور سلیم جھگڑا کی بات درست مان لی جائے تو پاکستان میں مبینہ طور پر کورونا کے اس وقت 20 ہزار سے زائد کیسز موجود ہیں۔ یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی ٹیسٹنگ کی شرح دوسرے ممالک کی نسبت بہت کم ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آپارہی ۔