بیف روسٹ ۔۔۔۔گھر پر بنائیں ۔۔۔۔بار بار کھائیں
کچن کارنر میں آج ہم آپ کو انتہائی لذیذ ڈش” بیف روسٹ“ بنانا سکھائیں گے ، یہ ڈش آپ کو اتنی پسند آئے گی کہ آپ اسے اپنے کچن میں بار بار بنائیں گے اور مزے لے لے کر کھائیں گے ۔ بیف روسٹ بنانے کیلئے آپ کو جن اشیاءکی ضرورت ہو گی انہیں نوٹ فرما لیں اور اپنے پاس جمع کر لیں ۔
اجزاء: گائے، بکرے کا گوشت: (ثا بت ٹکڑا، بغیر ہڈی)2 کلو، کالی مرچ : 2کھانے کے چمچے، زیرہ پاوڈر: 2کھا نے کا چمچے، ہری مرچ: (پیس لیں ) 2 کھانے کا چمچے ، نمک : حسب ذائقہ، دہی: 1 کپ، گرم مسالا پاوڈر: 1 کھانے کا چمچا ، ہلدی: آدھا چمچا ، ثابت دھنیہ پاوڈر:1 چمچا، پپیتا: (گوشت گلانے کے لیے ) 2 کھانے کے چمچے ، پانی: حسب ضرورت، تیل: آدھی کڑاہی۔
ترکیب: گوشت کو چھری کی مدد سے کٹ لگالیں تاکہ مسالا اندر تک رچ بس جائے۔ اب اس میں تمام مصالحے لگا کر 4 سے 5 گھنٹے تک فریج میں رکھ دیں تاکہ مسالا اور گوشت یکجان ہو جائیں۔ اب ایک بڑی دیگچی میں پانی گرم کریں اور اس دیگچی کے اوپر (چاولوں میں استعمال ہونے والا) چھنا رکھ دیں اور اسی کے اوپر گوشت کا ٹکڑا رکھیں اور اسے ڈھکن سے کور کر دیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو ایک الگ سی دیگچی میں تیل گرم کریں اور اس میں گوشت کو10 سے 15منٹ تک ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔
لیجئے جناب بیف روسٹ تیار ہے، آپ اسے گرم گرم نان کے ساتھ کھائیں گے تو لطف دوبالا ہو جائے گا ۔