دھمکی آمیز خط کا معاملہ، امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج  ریکارڈ کرایا گیا، نجی ٹی وی کا دعویٰ

دھمکی آمیز خط کا معاملہ، امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج ...
دھمکی آمیز خط کا معاملہ، امریکی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، احتجاج  ریکارڈ کرایا گیا، نجی ٹی وی کا دعویٰ
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے دھمکی آمیز خط پر امریکہ کو احتجاج ریکارڈ کرادیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے دفتر خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دھمکی آمیز خط کے معاملے پر امریکہ کے قائم مقام ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور  پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ۔  دفتر خارجہ حکام نے امریکی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھمادیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارتکار کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی روشنی میں طلب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ نے 7 مارچ کو دھمکی آمیز خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر عمران خان کو نہ ہٹایا گیا تو پاکستان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وزیر اعظم کے خطاب سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے تھے۔

 اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دھمکی آمیز خط پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ خط لکھنے والے ملک سے سفارتی حدود میں رہتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔