سردار کی آمد استقبال اور تیاریاں 

 سردار کی آمد استقبال اور تیاریاں 
 سردار کی آمد استقبال اور تیاریاں 

  

تمام مہینوں کا سردار رمضان کریم شروع ہونے جارہا ہے۔ میرے رب کا فرمان ہے کہ اے ایمان والو تم پر روزے فرض کردئیے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلوں پر کئے گئے تھے تاکہ تم متقی اور پرہیزگار بن جاؤ۔ارشاد ربانی ہے کہ روزہ میرے لئے ہے اور اس کا اجر بھی میں ہی دوں گا۔

تمام عا لم اسلام کو میری طرف سے ما ہ مقدس مبارک ہو رمضان کی تیاری رمضان سے پہلے مکمل کر لیں توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال موسم میں اتنی شدت نہیں ہوگی جتنی گزشتہ سالوں میں ہوا کرتی تھی اس لئے اپنی ذات سے عہد کرلیں کہ اس سال ماہ صیام کی برکات میں زیادہ حصہ حاصل کرلیا جائے انشاء اللہ رمضان کریم کے روزے آپ کو گناہوں سے پاک کر دیں گے اپنے اندر کو مضبوط کریں بھوک پیاس برداشت کرنا ہی روزہ ہے جب بھوک سے بے بس ہونے لگو پیاس سے حلق خشک ہو جائے تو میرے رب کے حضور دعا کے لئے ہاتھ اٹھانا اپنے اور اپنے ملک کے لئے دعا کرنا یقین کریں آپ کی دعاؤں سے میرے رب کی رحمت ضرور حرکت میں آئے گی۔

سردار کی آمد ہے استقبال کی بھرپور تیاریاں کریں خوش دلی،خلوص، تقوی،محبت اور اشتیاق کے ساتھ جنت کو پورے گیارہ ماہ سجا یا جاتا ہے صرف رمضان کریم میں جنت کے آ ٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں رب کی رحمتیں بندوں کے بہت قریب ہو جاتی ہیں اس ماہ کی برکت سے کی جانے والی عبادات کا اجر ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے ایک نفل کا ثواب ایک فرض کے برابر اور ایک فرض ستر فرضوں کے برابر ہوجاتا ہے یوں کہہ لیں کہ یہ رحمتوں کی لوٹ سیل کا موسم ہے خدارا اس مقدس ماہ کے صدقے اپنے رب کو راضی کر لیں اپنے گناہوں سے معافی مانگ لیں اگر ہم سب نے اپنے رب کو راضی کر لیا تو یقین کر لیں مشکلات ٹل جائیں گی ۔

بے برکتی،تنگدستی، بے سکونی سمیت حکمرانوں کی نحوست سے نجات مل جائے گی اور انشاء اللہ بہت جلد ہم خوشگوار اور پرسکون زندگی کی طرف لوٹ جائیں گے۔اب آتے ہیں اپنے آج کے موضوع کی طرف رمضان کی تیاری اس میں اپنی ذات کی تیاری، سحر و افطار کی تیاری اور گھر کی تیاری شامل ہے تیاری کو تین مراحل میں تقسیم کر لیں رمضان کریم سے پہلے گھر کی تیاری مکمل کر لیں میں نے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی رمضان کریم سے پندرہ دن پہلے سارے گھر کو نیا ڈسٹمپر کروا کے مچھر مار سپرے کر لی ہے اس کے ساتھ ساتھ کا الیکٹریشن ورک، پلنمبر ورک،اے سی سروس ایرکولر سروس، کھڑکیوں کے شیشے صاف اور اس کے ساتھ ساتھ فر نیچر وغیرہ کو بھی دھوپ لگو ا کر مٹی کے تیل کا سپرے کر کے سارے گھر کی واشنگ،ڈیٹیلنگ پردے واش کروا کے دوبارہ سے ہر چیز کو فٹ کر دیا ہے اس ضمن میں تمام دوستوں سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ براہ کرم رمضان کریم کی تیاری کے سلسلے میں وقت  لگائیں اور گھر کی خواتین کا ساتھ دیں، کیونکہ بہت سے کام مردوں کے کرنے کے ہوتے ہیں جو اکیلی خواتین نہیں کر سکتیں رمضان کریم کی تیاری کو بھی زندگی میں ایک ایونٹ کی طرح کریں، جس طرح کسی شادی کی تیاری پورے اہتمام کے ساتھ کرتے ہیں ا سی طرح ماہ صیام کی تیاری بھی پورے اہتمام کے ساتھ کریں ۔

دوسرے مرحلے میں ایک کیلنڈر لیں اس پر رمضان کریم کے تمام سحر و افطار کا شیڈول بنائیں ایک متوازن مینیو ترتیب دیں اور اس کے مطابق رمضان کریم سے پہلے سارا سامان خرید کر کے کچن میں رکھ دیں تاکہ روزے کی حالت میں آپ کو کم بازار جانا پڑے ملک میں کاروباری حالا ت اور مہنگائی نے قحط برپا کر دیا ہے کوشش کرکے کہ رمضان کریم میں کوئی ایسے سفید پوش گھرانے تلاش کریں جو روزے رکھتے ہیں لیکن شرم کی وجہ سے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا سکتے اگر آپ کے پاس گنجائش ہو تو ان گھرانوں تک رات کے اندھیرے میں راشن پہنچا دیں، تاکہ یہ لوگ اور ان کے اہل خانہ بھی روزے رکھ سکیں راشن کی تقسیم بہت بڑا کام ہے برائے کرم راشن ضرور تقسیم کریں، لیکن تصویروں کے ذریعے کسی کی عزت نفس مجروح نہ کریں اللہ کریم نیتوں کو جانتا ہے۔

سحر کے اوقات کے لئے ایک سے زیادہ الا رم لگائیں تہجد کا اہتمام کریں نماز فجر،تلاوت قرآن کو معمول بنا لیں نمازیں باقاعدگی سے ادا کریں۔ تراویح کا اہتمام ضرور کریں صدقات خیرات جتنی زیادہ ہو سکے کریں صلہ رحمی کا معاملہ کریں، انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں کے ساتھ بھی گھر کی چھت پر پرندوں کے لئے کھانے اور پانی کے برتن ضرور رکھیں انشاء اللہ یہ اعمال آخرت میں آپ کی بخشش کا سبب بنیں گے۔ اللہ کریم ہمیں رمضان کی برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے کی ہمت عطا فرمائے امین۔ 

مزید :

رائے -کالم -