عثمان بزدارکالاہور کو 2 اضلاع  میں تقسیم کرنے کا فیصلہ   

  عثمان بزدارکالاہور کو 2 اضلاع  میں تقسیم کرنے کا فیصلہ   

  

  لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب کے نئے انتظامی یونٹس بنانے کااعلان کیاہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں بتایاکہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ لاہور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ تحصیل مری کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا او راسی طرح تحصیل تونسہ شریف کو بھی ضلع بنایا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں 2 نئی تحصیلیں بنائی جائیں گی۔مجموعی طورپر 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود اور گڈگورننس کیلئے نئے اضلاع بنائے جارہے ہیں -ہم اس پر کافی دیر سے کام کررہے ہیں،اس کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پسماندہ علاقوں میں طالبات کے لئے نرسنگ کالجز میں داخلے کے لئے 20فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام سے پسماندہ علاقوں کی پڑھی لکھی بچیوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک صحافی کے سوال پر لاہورپریس کلب کی سالانہ گرانٹ 2کروڑ روپے کرنے کااعلان کیا- سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جیسے لیڈر کسی بھی قوم کا فخرہوتے ہیں اور ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔کپتان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔میں کل بھی وزیراعظم عمران خان کا سپاہی تھا اور آج بھی ان کا سپاہی ہوں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے و الوں میں ڈاکٹر اختر ملک، خیال احمد کاسترو، اشرف رند، نیاز احمد، عامر نواز چانڈیا اور دیگر شامل تھے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -