غیرملکی سازش نظرانداز نہیں کر سکتے جس میں ساری اپوزیشن ملوث نہیں،فواد 

  غیرملکی سازش نظرانداز نہیں کر سکتے جس میں ساری اپوزیشن ملوث نہیں،فواد 

  

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ آئینی طور پر حکومت کی تبدیلی میں کوئی حرج نہیں،حکومت کی تبدیلی میں غیرملکی سازش کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،سازش میں اپوزیشن کے تمام  لوگ  ملوث نہیں،سازش میں سیاسی کرداروں  کے علاوہ میڈیا کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں،عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کرنے والے کھلاڑی ہیں،میر جعفر اور میرصادق جیسے کرداروں سے ایسٹ انڈیا کمپنی نے اپنے پاؤں جمائے،ہم قطعی طور پر ملکی حاکمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جمعرات کو وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرقیادت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا،حکومت کی تبدیلی سے متعلق دھمکی آمیز خط کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے آئینی طور پر حکومت کی تبدیلی میں کوئی حرج نہیں،حکومت کی تبدیلی میں غیرملکی سازش کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ اپوزیشن کے سرکردہ رہنما اس سازش کے حصہ دار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اپوزیشن دھمکی آمیز خط کے مندرجات دیکھنے سے بھی انکاری ہے،سازش میں اپوزیشن کے تمام  لوگ  ملوث نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم یہ نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور ہیں کہ عمران خان کو ہٹانے کی عالمی سازش کی گئی ہے،سازش میں سیاسی کرداروں  کے علاوہ میڈیا کے کچھ لوگ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آخری گیند تک مقابلہ کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لڑائی عمران خان کی نہیں ملکی خودمختاری اور عوام کی ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ملکی خودمختاری کے لئے سٹینڈ لینے والوں کو قیمت چکانا پڑتی ہے۔انہوں نے کہاکہ میر جعفر اور میرصادق جیسے کرداروں سے ایسٹ انڈیا کمپنی نے اپنے پاؤں جمائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم قطعی طور پر ملکی حاکمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہاکہ دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد سے پہلے کا ہے،بیرونی طاقت سمجھتی ہے کہ عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حالات کے تسلسل سے واضح ہے کہ اپوزیشن سیاہ تاریخ رقم کررہی ہے،بیرونی قوت کو اعتماد  ہے کہ  حکومت بدلنے سے  خودمختار خارجہ پالیسی تبدیل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ قوم ثابت کرے گی کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔

فواد چوہدری

مزید :

صفحہ اول -