ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کروایا جائے: فضل شکور خان 

       ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کروایا جائے: فضل شکور خان 

  

     پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون فضل شکور خان کی زیر صدارت، ضلع چارسدہ کے ترقیاتی اور انتظامی امور کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ سعادت حسن، ایگزیکٹیو انجینئر اللہ نواز اور دیگر سینئر ضلعی انتظامی آفسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کیلئے فنڈز جلد از جلد صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کر دیئے جائیں گے جبکہ جن منصوبوں کی بقایا جات باقی ہیں ان کی بھی مکمل تفصیل فراہم کروائی جائے تاکہ اس مد میں بھی صوبائی حکومت کو سفارشات بھیجی جائیں تاکہ ان کی فنڈنگ کے مسائل بھی حل کروائے جا سکیں۔فضل شکور خان نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان اور بیوٹیفیکیشن سکیموں کی مد میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کروایا جائے اور نوشہرہ روڈ اور سبزی منڈی روڈ پر سٹریٹ لائٹس کا کام بھی جلد مکمل کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے پلانٹیشن کروائی جائے تاکہ چارسدہ شہر کی خوبصورتی اور پر فضا ماحول کو مزید وسعت مل سکے۔وزیر قانون نے ڈپٹی کمشنر چارسدہ کو ہدایت جاری کی کہ ماہ رمضان میں رمضان سستا بازار کو مکمل فعال بنایا جائے اور تمام انتظامی امور پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات مہیا کی جاسکیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس ماہ مقدس رمضان المبارک میں روزمرہ اشیاء کی قیمتوں پر بھی چیک اپ رکھا جائے تاکہ عوام کو مناسب داموں تمام روزمرہ استعمال کی اشیاء مناسب داموں میں دستیاب ہو سکیں۔

مزید :

صفحہ اول -