پشاور پولیس، خیبر پولیس، سی ٹی ڈی، پاک آرمی اور ایف سی کامشترکہ سرچ آپریشن

 پشاور پولیس، خیبر پولیس، سی ٹی ڈی، پاک آرمی اور ایف سی کامشترکہ سرچ آپریشن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(کرائم رپورٹر) ضلع خیبر پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر تھانہ جمرود اور حیات آباد سے متصل علاقوں میں انفارمیشن بیسڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا ہے، ضلع خیبر کے علاقہ شاہ کس میں ہونے والے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں پشاور پولیس، پاک آرمی کے جوانوں، ایف سی، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادروں سمیت بی ڈی یو ٹیم، سنیفر ڈاگزاور لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا، مشترکہ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لیتے ہوئے 173 مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا ہے جبکہ سنگین جرائم میں مطلوب متعدد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار افراد کے قبضہ سے غیر قانونی جدید خودکار اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جس میں 13 عدد کلاشنکوف، 20 عدد پستول، 66 عدد رائفل اور ہزاروں مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں، مشکوک افراد سمیت جرائم پیشہ عناصر اور راہزنوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا ہے ڈی پی او ضلع خیبر عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے آپریشن کے دوران منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضہ سے 13 کلوگرام آئس، 16 کلو گرام ہیروئن جبکہ ایک کلو گرام چرس بھی برآمد کر لی گئی ہے، اسی طرح 12 عدد مختلف مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے سی سی پی او محمد اعجاز خان نے حالیہ کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آپریشن کا بنیادی مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پشاور سمیت ضلع خیبر میں بھی شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا، سی سی پی او نے سماج دشمن عناصرکے خلاف جاری کریک ڈاون کو کامیاب بنانے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس کو مزید بہتر بنانے اور اس ضمن میں مقامی علماء کرام اور دیگر معززین علاقہ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، انہوں نے آپریشنزکا سلسلہ بتدریج وسیع کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے گزشتہ روز ہونے والے آپریشن کے دوران مقامی علاقہ مکینوں کے تعاون کو بھی سراہا ہے سی سی پی او محمد اعجاز خان نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ اور مشکوک افراد سمیت راہزنی اور دیگر جرائم برخلاف مال و منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاعات پر شاہ کس میں آپریشن کیا گیا جبکہ ضلع خیبر سمیت پشاور کے دیگر علاقوں جہاں سے ایسے عناصر کی موجودگی کی اطلاع ہو گی مصدقہ آپریشن کئے جائیں گے۔