عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نےوزیراعلیٰ عثمان بزدارکااستعفیٰ منظورکرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر نے استعفے کی تصدیق کا قانونی عمل مکمل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کو مدعو کیا ، سردار عثمان بزدار کی جانب سے استعفے کی تصدیق کے بعد قانونی عمل مکمل ہوا جس کے بعد گورنرپنجاب نےعثمان بزدارکےاستعفےکی منظوری پردستخط کردیئے۔گورنر پنجاب نے استعفے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرنے سے قبل وزیر اعظم سے حتمی اجازت لی ۔
واضح رہے کہ4 روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم سے ملاقات میں رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا تھا جو 2روز قبل گورنر پنجاب کو موصول ہوا تھا ۔ گورنر پنجاب نے قانونی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد استعفیٰ منظور کرلیا۔
پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کا عہدہ خالی ہونے پر گورنر پنجاب نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو خط لکھ دیا ، پنجاب اسمبلی کااجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے۔