عمران خان  یورپی ممالک کیخلاف باتیں کرکے پاکستان کی روٹی ، خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، شہباز شریف

عمران خان  یورپی ممالک کیخلاف باتیں کرکے پاکستان کی روٹی ، خوشحالی کو نقصان ...
عمران خان  یورپی ممالک کیخلاف باتیں کرکے پاکستان کی روٹی ، خوشحالی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، شہباز شریف

  

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن)  اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان امریکہ اور یورپی ممالک کے خلاف  باتیں کر کے پاکستان کی روٹی اور خوشحالی کو کم کرنا چاہتے ہیں ۔

اسلام آباد میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس حکومت نے عالمی طاقتوں سے ، دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،  ہمارے چین ، سعودی عرب ، ترکی ،  چین اور دیگر سے بہترین تعلقات تھے ۔ چین سے ہمارے بہترین تعلقات تھے  چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ، جب سی پیک پاکستان میں آیا تو انہوں نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے تب بھی شور مچایا  کہ  سی پیک کے تحت  سرمایہ کاری نہیں  آئی بلکہ 8 فیصد پر قرضے لئے گئے ہیں،  ایک میٹنگ میں تو جنرل راحیل شریف نے بھی پوچھ لیا کہ کیا واقعی 8 فیصد پر قرضے لئے گئے ہیں جس پر احسن اقبال نے وضاحت کی کہ جناب یہ انویسٹمنٹ ہے ، بجلی کے پاور پلانٹ  چین کی انوسٹمنٹ ہے ، اس کیلئے چینی سرمایہ کاروں نے اپنی جیب سے پیسے خرچ ہیں اور انہوں نے چین  کے بینکوں سے قرضے لئے ہیں ۔   ہم نے لاہور کی اورنج ٹرین سمیت دوسرے روڈ انفرا سٹرکچر  منصوبوں پر  قرض لئے ہیں مگر وہ 8 فیصد نہیں بلکہ دو سے سوا  دو فیصد کے مارک  اپ پر ہیں ۔

 شہبا زشریف نے کہا کہ انہوں نے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں  پر بھی  کرپشن کے الزامات لگائے   جس نے پاکستان کا ساتھ دیا، اس کا  فرانزک آڈٹ کرایا گیا، عمران نیازی نے کہا کہ ملتان میٹرو میں  17 ملین ڈالر شہبا شریف اور فارن کمپنی نے  باہر بھیجے ،  ایک ٹیوی چینل نے اینکر نے دن رات واویلا کیا ، پھر مجھے کہنا پڑا   کہ ثبوت دیں یا شٹ اپ ، اس کے بعد آج تک کوئی جواب نہیں آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  احتساب کے نعرے کی آڑ میں انتقامی سیاست کی گئی ، جتنے بھی میگا سکینڈل پونے چار سالوں میں  عمران نیازی  کے ناک کے نیچے ہوئے ان میں سے کسی ایک   کیس کو نیب کو ریفر کیا گیا؟ ، چاہے وہ چینی ، گندم کے اربوں کے سکینڈل ہیں  یا  ادویات کے ہوں  ، گیس کے ہیں کوئی بھی نیب کو بھیجا گیا ؟۔ کتنی بار کہا  گیا کہ مالم جبہ ، بی آر ٹی ، ہیلی کاپٹر کیس  پر کوئی تحقیقات ہوئی ؟، لندن کی مشہور زمانہ نیشنل کرائم ایجنسی کو ہزاروں پیپرز پر مبنی پلندہ بھجوایا  جس پر   پونے دو سال میرے اور میرے بیٹے کے خلاف  تحقیق  ہوئی ،  لندن کی عدالتیں کہتی ہیں کہ انہیں کچھ نہیں ملا۔

شہباز شریف نے کہا کہ  ڈرون حملے رکوانے سے متعلق   عمران خان کے بیانات حقائق مسخ کرنے کے برابر ہیں ،  ریکارڈ پر ہے نواز شریف نے بطور وزیر اعظم جب بھی  امریکہ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تو پاکستان کا مقدمہ لڑا ،  انہیں بتایا کہ  یہ حملے پاکستانی سرحدوں میں ہوتے ہیں جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ہے جس نے  اربوں ڈالر بغیر شرط کے دیے  مگر ہمارے وزیر خارجہ نے کہہ دیا کہ  ہم سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیرکا مقدمہ لڑ سکتے ہیں  ۔ یہ کہتے ہیں کہ ان کے خلاف غیر ملکی سازش ہوئی ہے ، آپ کو آج علم ہوا ہے سازش کا ، جب آپ نے کہا کہ خط 7 تاریخ کو آیا تو تین ہفتے کہاں گزار دیے ، کیوں چپ رہے ، کیوں جلسے میں کاغذ لہرایا ، نیشنل سکیورٹی کونسل میں بعد میں گئے حالانکہ  آپ کو فوری واویلا کرنا چاہئے تھا ، پہلے امریکہ کا نام لیا پھر کہتے ہیں کہ نہیں  ،  امریکہ کی بات نہیں کر رہا  تھا کوئی اور بات تھی ،  یہ ڈرامہ بازی ہے ، آپ اتنے معصوم بچنے نہیں  کہ نام لے گئے اور کہا کہ نہیں ۔

شہاز شریف نے کہا کہ آپ کسی ملک کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں ، اسی ملک کے وفد کو او آئی سی اجلاس میں دعوت بھی دیتے ہیں ، وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ ہمارا ان سے بہت اچھا تعلق ہے  ، پاک امریکہ تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کو سیلیبریٹ بھی کرنا چاہتے ہیں، آپ کس کو  بے وقوف بنارہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ یہ آپ کا آخری گھٹیا اور بھونڈا ہتھکنڈ اہے ۔ پارلیمنٹ جہاں متحدہ اپوزیشن   کے  172 سے زیادہ ارکان ہیں آپ کو شکست فاش ہو گی ۔ آپ جھرلو  اور دھاندلی کے ذریعے آئے  مگر   ہم نے پارلیمان ، آئین و قانون کا راستہ  اپنایا ، آپ کی  شکست فاش نوشتہ دیوار ہے ،آپ  دھمکیاں  دے رہے ہیں کہ ایک لاکھ آدمی لاؤں گا، یہ آپ کا نیا پاکستان ہے ؟ ، ان کا احتساب کا بیانہ دور کی بات ،   ریاست مدینہ کا مقدس نام لے کر اس کے فلسفے کے الٹ جا رہے ہیں ،   جو کرپشن ہوئی اپ کی ناک کے نیچے   اس کا کیا احتساب کیا ؟، مہنگائی جو تاریخ کے سب سے اونچے درجے پر ہے ،آج غریب ایک وقت کی روٹی کو ترستا ہے ، عام گھرانے میں شیر خوار بچے کو دودھ نہیں ملتا ، بیمار ماں کی دوائی نہیں آ سکتی ، ماں باپ بچے کو  تعلیم نہیں دلوا سکتے ، سیمنٹ کی قیمت دوگنی ہو گئی ہے ، ، چینی  پچاس سے 100 روپے ،  ، آٹا 35 سے 100 روپے کا ہو چکا ہے  ، آپ مذہبی کارڈ کھیلنا چاہتے ہیں ؟، پرسوں آپ کا سیاسی  ناٹک کا خاتمہ ہو گا ۔ اللہ نے موقع دیا تو  ہم اپنی جانیں لڑائیں گے۔

 ایک صحافی نے اداروں کی طرف سے کال آنےسے متعلق سوال پوچھا جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ   ابھی تک کسی پارٹی ممبر، اتحادی  کو کوئی کال نہیں  ملی ،  ہم نے امن وامان کیلئے خطوط لکھ دیے ہیں  کہ  عمران نیازی جس روش پر جا رہا ہے اگر  انتظامیہ اور پولیس نے   ووٹنگ کے دن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عمل نہ کیا تو وزیر داخلہ ، سیکرٹری داخلہ ، آئی جی  ،  کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سب ذمہ دار  ہونگے اور  کچہری میں کھڑے ہونگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ ملکی تاریخ کا منفرد لمحہ ہے جب پوری اپوزشن متحد ہے ۔ آج پاکستان پیپلزپارٹی ، جے یو آئی ، پی ایم ایل این ، بی  این پی مینگل ، جمہوری وطن  پارٹی ، بی این پی ، سردار اختر مینگل، بگٹی ، اے این پی ، ایم کیو ایم ، اسلم بھوتانی ، خالد مگسی نے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا ۔  انہیں بہت سی اطراف سے دانے پھینکے گئے مگر انہوں نے کسی کی پرواہ نہیں کی ، ان کا ایک ہی مقصد تھا کہ 22 کروڑ عوام کاسوچنا ہے  میں  اپوزیشن کی ساری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، عمران نیازی کو شکست فاش ہو گی ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -