تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں تو تحریک چلائیں گے،سرکاری ہسپتالوں کے ملازمین نے دھمکی دیدی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں تو تحریک چلائیں گے، پنجاب کےسرکاری ہسپتالوں کے ملازمین نے دھمکی دیدی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مزدوروں کی اجرت بڑھانے کے احکامات کے بعد سرکاری ہسپتالوں کے ملازمین نے بھی تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ورک چارج اور ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ 32 ہزار روپے کی جائے، پنجاب پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن نے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری صحت سپیشلائزڈ، پرنسپلز سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران کو مراسلہ بھجوا دیا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے ملازمین کو ان کی اصل تنخواہ تک نہیں دی جاتی۔ لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں گنگارام، میو، جنرل، جناح، سروسز ہسپتال سمیت کوٹ خواجہ سعید اور دیگر ہسپتالوں میں سینکڑوں ورک چارج اور ڈیلی ویجیز ملازمین کئی برسوں سے ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں مگر ان کی تنخواہیں تاحال نہیں بڑھائی گئیں۔ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر محمد ارشد بٹ کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب سمیت محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام کو دیئے گئے مراسلہ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ پنجاب منیمم ویجز بورڈ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں اگر عملدرآمد نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ صحت کے حکام کو خصوصی نوٹس لیتے ہوئے تنخواہیں بڑھانے کے آرڈر پر مکمل عمل درآمد کروانا چاہیے۔ پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن گنگا رام ہسپتال کے صدر رانا عرفان نے کہا کہ پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج اور ایم ایس گنگارام ہسپتال کو حکومت پنجاب کی جانب سے جاری حکامات کے مطابق تنخواہ بڑھانے کے لئے درخواست دی گئی مگر ہسپتال انتظامیہ نے اس پر عمل درآمد کرنے سے مکمل طور پر انکار کر دیا ہے۔ اگر عمل درآمد نہ کیا گیا تو سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کے معاملہ پر ہر صورت عملدر آمد کروایا جائے گا۔ ملازمین کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ایم ایس سر گنگا رام ہسپتال ڈاکٹر اطہر کا کہنا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کے حوالے سے احکامات نہیں ملے، جونہی آرڈر ہوں گے پراسس مکمل کرکے تنخواہیں بڑھا دی جائیں گی۔