آٹے کی تقسیم کے دوران 20 افراد کی ہلاکت کا دعوے پر نگران وزیر اطلاعات عامر میر کا مؤقف بھی آ گیا

لاہور ( جنرل رپورٹر ) فواد چوہدری کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں ۔ آٹے کی تقسیم کے دوران 20 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے حسب روایت اپنے کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جھوٹ کا سہارا لے کر حکومت پنجاب کی مفت آٹا سکیم کو داغدار کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے دوران صرف3 لوگ بھگدڑ مچنے سے جاں بحق ہوئے ہیں باقی4لوگ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے جان کی بازی ہارے ہیں۔ ان میں سے بھیندو کا انتقال ہسپتال میں اور 2کا گھر میں ہوا۔
نگران صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ فواد چوہدری کی جھوٹ کی دکان اب نہیں چل پائے گی اور کم از کم رمضان میں ہی خدا کا خوف کرتے ہوئے فواد اینڈ کمپنی کو جھوٹ بولنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ عامر میر نے کہا کہ خان صاحب اور ان کے ساتھیوں میں بڑھ چڑھ کر جھوٹ بولنے کا مقابلہ ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام جھوٹ اور سچ کا فرق اچھی طرح جان چکے ہیں اب فواد جیسوں کے لیے عوام کو گمراہ کرنا ممکن نہیں ہے،ہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں مستحقین میں مفت آٹے کی تقسیم کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 2 کروڑ 11 لاکھ سے زائد مستحقین میں مفت آٹا تقسیم ہو چکا ہے۔