مقبوضہ کشمیر ، پانی کے ٹینکر کے نیچے آکر ہلاک ہونے والے نوجوان کی لاش گھر پہنچنے پر حالات کشیدہ
شوپیان /سرینگر (آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر میں پانی کے ٹینکر کے نیچے آکر ہلاک ہونے والے نوجوان کی لاش گھر پہنچنے پر حالات کشیدہ ہوگئے ،ہلاکت کے خلاف شوپیان کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے ساتھ تصادم میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔منگل کو مقبوضہ کشمیرکے جنوبی ضلع شوپیان میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب بال پورہ گاو¿ں کے بیس سالہ عاقب بٹ کی لاش ان کے گھر پہنچائی گئی۔مقامی لوگوں نے کہاہے کہ عاقب کو حراست کے دوران زد و کوب کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔عاقب کے والد محمد یوسف نے بتایا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس یا سی آر پی ایف کے کیمپ سے انہیں فون پر اطلاع ملی کہ ان کا بیٹا پانی کے اسی ٹینکر کے نیچے آکر ہلاک ہوگیا جسے وہ چلاتا تھا۔پولیس نے عاقب کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے کر ان کا بیان درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عینی شاہدین نے کہاہے کہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے عاقب کو اشتعال انگیز گالیاں دیں اور جب عاقب نے ردعمل ظاہر کیا تو اسے شدید طور پر زدکوب کیا گیا۔یہ واقعہ شمالی ضلع بانڈی پورہ میں فوج کی فائرنگ سے عام شہری کی ہلاکت کے صرف پانچ روز بعد پیش آیا ہے۔ اس ہلاکت کے خلاف شوپیان ضلع کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پولیس کے ساتھ تصادم میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔