ن لیگ الزام لیکر عدالت میں جائے،منی لانڈرنگ نوازشریف نے کی:عمران خان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے مسلم لیگ ن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیتے ہیں اور کہا ہے کہ خواجہ آصف نے رمضان المبارک میں شوکت خانم ہسپتال کو نقصان پہنچانے کیلئے ڈرامہ کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تمام بڑے ادارے انڈونمنٹ فنڈ کے ذریعے سرمایہ کاری کرتے ہیں، شوکت خانم کے انڈونمنٹ فنڈ بورڈ نے بھی بیرون ملک سے آنے والے عطیات رئیل سٹیٹ میں لگائے تاہم پراپرٹی مارکیٹ کریش ہونے کے باوجود کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ امتیاز حیدر نے گارنٹی کیا ہے جس کا ثبوت دستاویز کی صورت میں موجود ہے کہ شوکت خانم کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، ہمارا تین ملین ڈالر گارنٹڈ ہے اور اس پیسے سے حاصل ہونے والا نفع ہمارا جبکہ نقصان ہمارا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ وہ پارٹی ہے جو اقتدار کیلئے ملک کو ہر قسم کا نقصان پہنچانے کو تیار ہے۔ عمران خان نے نواز شریف، چودھری نثار اور خواجہ آصف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سچے ہیں تو عدالت میں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں الزام لگاتا ہوں کہ نواز شریف نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی اور پیسہ باہر لے کر گئے، اس الزام پر آپ مجھے عدالت میں لے کر جائیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ نہ تو الیکشن سے پہلے کسی قسم کا اتحاد ہو گا اور نہ ہی الیکشن کے بعد کیونکہ ن لیگ کے ساتھ اتحاد کرنا آصف زرداری کے ساتھ اتحاد کرنے کے مترادف ہے، آصف زرداری اور نواز شریف میں کوئی فرق نہیں ہے، دونوں نے کرپشن کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ اس پریس کانفرنس کے موقع پر سپریم کورٹ بار کے سابق صدر قاضی انور اور کشمیری رہنماءیاسین ملک کی خوشدامن نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔