ایس ای سی پی ‘ میوچل فنڈز کیلئے سیل لوڈکی حد تین فیصد مقرر

ایس ای سی پی ‘ میوچل فنڈز کیلئے سیل لوڈکی حد تین فیصد مقرر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( اکنامک رپورٹر)سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی جانب سے میوچل فنڈز یونٹ کی فروخت پر سرمایہ کاروں کے فنڈز سے سیل لوڈ کے نام پر کی جانے والی کٹوتی کو پانچ فیصد سے کم کر کے تین فیصد کر دیا ہے۔ سیل لوڈ کی حد میں کمی کا سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔ سرکلر میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اَیسٹ مینجمنٹ کمپنی سرمایہ کار سے سیل لوڈ فیس وصول نہیں کر ے گی اگر سرمایہ کار میوچل فنڈ یونٹ کی خریداری کے لئے کمپنی سے براہ راست رابطہ کرے گا یا آن لائن ٹرانزیکشن کے ذریعے میوچل فنڈ یونٹ حاصل کرے گا۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلرنمبر چھبیس میں اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرمایہ کاری کرتے وقت واضح طور پر سرمایہ کار کو سیل لوڈ کی مد میں کی گئی کٹوتی کی شرح اور رقم سے آگاہ کریں گی۔ مزید ازاں اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیاں سرمایہ کاری کرتے وقت متعلقہ سرمایہ کار سے تصدیق کروائیں گی کہ اس نے سرمایہ کاری سے متعلق تمام شرائط و ضوابط کو پڑھ لیا ہے۔ اَیسٹ مینجمنٹ کمپنی پابند ہو گی کہ وہ سرمایہ کاری کرنے کے اڑتالیس گھنٹوں کے اند ر اندر سرمایہ کاروں کو سیل لوڈ کی مد میں کی گئی کٹوتی کی شرح اور رقم اور انویسٹ کئے گئے خالص سرمائے سے آگاہ کریں۔ ایس ای سی پی نے تمام اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کی درخواست موصول ہونے پر نیٹ اَیسٹ ویلیو مقرر کرنے کے لئے ایک جیسی پالیسی اپنائیں اور درخواست وصول ہونے پر نیٹ اَیسٹ ویلیو (این اے وِی) مقرر کریں ۔ ایس ای سی پی نے تمام اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاروں سے چیک یا پے آرڈر وصول ہونے کے بعد وقت ضائع کئے بغیر جلد از جلد ان کو بینکنگ کی سہولت استعمال کرتے ہوئے جمع اور کلیئر کر دیں۔ ان اقدامات کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کو مزید فائدہ مند بنانا ہے۔

مزید :

کامرس -