آئی ٹی کی برآمدات کو6ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

آئی ٹی کی برآمدات کو6ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی پی) سال 2020ء تک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کو6ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں آئی ٹی کی برآمدات کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اداروں کو چاہئے کہ وہ عالمی منڈی میں ضروریات کے پیش نظر مصنوعات متعارف کرائیں جس سے قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کا شعبہ دنیا بھرمیں ترقی کرنے والے بڑے شعبوں میں شمار ہوتا ہے اور ہر بدلتے دن کے ساتھ ساتھ اس کی ضروریات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ برآمدات کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ آئی ٹی کے ماہرین کے بیرون ملک تبادلوں سے بھی شعبہ کی ترقی میں نمایاں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ سال2020ء تک آئی ٹی کی برآمدات کو6ارب ڈالر تک باسآنی بڑھایا جاسکتا ہے اور اس سے ملکی معیشت پرخوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔

مزید : کامرس