شاہد آفریدی کیلئے بڑا اعزاز، اہم ایونٹ کیلئے منتخب کر لیا گیا
شاہد آفریدی کیلئے بڑا اعزاز، اہم ایونٹ کیلئے منتخب کر لیا گیا
لندن (آئی این پی) پاکستان کے سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ’’ کرکٹ فار ہیروز فنڈ ریزنگ ٹی 20‘‘ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی ’’ہیلپ فار ہیروز‘‘ تنظیم کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کے سلسلے میں منعقدہ میچ میں حصہ لیں گے۔ یہ میچ 17 ستمبر کو ورلڈ الیون اور ہیلپ فار ہیروز الیون کے درمیان سرے کاؤنٹی کرکٹ کلب اوول کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ ان کے علاوہ پاکستان کے آل راؤنڈر عبدالرزاق اور لیجنڈ پاکستانی باؤلر وسیم اکرم جو ’’ہیلپ فار ہیروز‘‘ کے منیجر ہیں، بھی اس ایونٹ میں شامل ہیں۔ورلڈ الیون کی قیادت نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکالم کریں گے جبکہ اس کے کوچ جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی گیری کرسچن اور منیجر کی ذمہ داریاں سنیل گواسکر کو سونپی گئی ہے۔ ’’ہیلپ فار ہیروز الیون‘‘ کی کپتانی انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو سٹراس کریں گے جبکہ اس کی مینجمنٹ کے فرائض سر این بوتھم ادا کر رہے ہیں۔ ایونٹ میں حصہ لینے والے مزید کھلاڑیوں میں سابق لیجنڈ کھلاڑی برائن لارا، میتھیو ہیڈن، گریم سمتھ، سکاٹ سٹائرس ، راس ٹیلر، ڈیمن مارٹن، گریم سوان، ڈینئیل ویٹوری، سیمن جانز، ڈیرن گف اور ہرشل گبز کے ناموں کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔