نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کریک ڈاؤن جاری رہنا چاہئے،امین وینس

نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت کریک ڈاؤن جاری رہنا چاہئے،امین وینس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت اب تک لاؤڈ سپیکر ایکٹ ، قانون کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی اشاعت اور تقسیم کے ساتھ ساتھ اشتعال انگیز تقاریرکرنے اور ان کی سی ڈیز فروخت کرنے ، ناجائز اسلحہ کی خرید و فروخت کے ساتھ ساتھ اسلحہ کی نمائش کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہنا چاہیے اور ایڈمن و بیٹ افسروں کو نیشنل ایکشن پروگرام پر عملدرآمد کے لیے اپنا بنیادی کردار خلوص نیت سے ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز الحمراء ہال میں ایڈمن اور بیٹ افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ہفتہ وار اجلاس کے دوران گجو متہ کے بیٹ افسر ممتاز احمد اور کاہنہ کے ایڈمن افسر عبدالشکور کو انعام دیتے ہوئے کیا جنہوں نے دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات میں ملوث فیصل آباد کے اشتہاری ملزم تاج محمد عرف تاجا کو بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جب وہ لاہور میں اپنے مخالفین کو قتل کرنے کی نیت سے ان کے ڈیرے کے باہر آیا ہوا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بیٹ اور ایڈمن افسروں کے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کا عملی ثبوت ہے کہ اشتہاری کی اطلاع ملنے پر جب متعلقہ بیٹ کے سپاہی پیٹرولنگ پر تھے تو ایڈمن اور بیٹ افسر نے وقت ضائع کرنے کی بجائے فوری فیصلہ کرتے ہوئے خودبروقت ریڈ کر کے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کو بچایا بلکہ جوانمردی کا ثبوت دیتے ہوئے خطر ناک اشتہاری کو گرفتار بھی کیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ جس طرح ایڈمن افسروں نے تھانوں میں نہ صرف خوش اخلاقی کے کلچر کو پروان چڑھایا بلکہ شہریوں کے مسائل کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنے روایت کو جنم دیا اسی طرح مجھے یقین ہے کہ بیٹ افسران بھی اپنی بیٹوں میں خلق خدا کی خدمت اور عوام کے جان ، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔محمد امین وینس نے ایس پی سی آر او کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جیل سے رہا ہونے والے ریکارڈ یافتہ افراد کی تازہ فہرستیں ہر تھانے کے ایڈمن اور بیٹ افسران کو فوری فراہم کی جائیں اور تھانے کی سطح پر کریمنلز کا بائیو میٹرک ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے تا کہ مشکوک افراد کو چیک کرنے کے لیے اس طریقہ کار سے استفادہ کیا جا سکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ بیٹ کے ممبران اور معززین علاقہ سے رابطے کو یقینی بنانے کے لیے بیٹ کانسٹیبلان کو ایک ایک انڈرائیڈ فون دیا جائے گا ۔ ان انڈرائیڈ فون کے ذریعے بیٹ افسروں اور کانسٹیبلوں کی اپنی لوکیشن، حاضری، اشتہاریوں کا ڈیٹا اور ہر قسم کے جرائم کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔ایک دوسرے سے مسلسل رابطے کے باعث بیٹ افسران اپنی بیٹ کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بروقت اور کاروائی کر سکیں گے۔ان تمام قدامات کا بنیادی مقصد بیٹ سسٹم کو کامیاب اور بیٹ کانسٹیبلان کو مضبوط بنانا ہے۔ جن تھانوں میں جرائم کی شرح زیادہ ہے وہاں جرائم پر قابو پانے کے لیے زیادہ وسائل مہیا کیے جا رہے ہیں اگلے تین سے چار دن کے دوران بیٹ افسران اور بیٹ کانسٹیبلان کو گاڑیوں اور علاقہ میں گشت کے حوالہ سے تربیت دی جائے گی۔امید ہے کہ آئندہ ہفتے تک یہ وسائل بیٹ افسران اورکانسٹیبلان کو مہیا کر دیئے جائیں گے۔اجلاس میں سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ، چیف ایڈمن افسر ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک، ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ اور ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز فیصل مختار بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -