کراچی کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں ، پرویز رشید

کراچی کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں ، پرویز رشید

کراچی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں اور شہرِ قائد اور پاکستان کی رونقیں اب مستقل طور پر قائم رہیں گی۔ آج کا کراچی ماضی کے مقابلے میں زیادہ پرامن اور محفوظ شہر ہے۔ کراچی کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو قربانیاں دی ہیں اس پر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پہلے دہشتگردوں کے حملوں کی خبریں چلتی تھیں اب ان کے خلاف کارروائی کی خبریں چلتی ہیں۔ کراچی میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں، پاکستان کو دہشتگردی سے پاک اور آزاد کرنا نواز شریف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان زیادہ محفوظ اور پرامن ملک ہو گا جس میں لوگوں کو ناصرف ترقی اور خوشحالی کے بہتر مواقع ملیں گے بلکہ کام کرنے کے لئے سازگار ماحول بھی دستیاب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے امن و امان قائم ہوا ہے، ہم نے کراچی کی رونقیں اور روشنیاں واپس بحال کر دی ہیں، عید الفطر پر کراچی میں لوگ گھروں سے نکلے ہیں اور کراچی کی معاشی سرگرمیاں عروج پر رہی ہیں، کراچی کی تفریح گاہوں میں رونقیں بحال ہوئی ہیں جو کراچی بلکہ پاکستان کے لئے ایک اچھا شگون ہے جس پر میں کراچی کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پرویز رشید نے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں بلا خوف آج میں آپ کے ساتھ سڑک پر کھڑا ہوں اور آپ بھی میرے ساتھ سڑک پر کھڑے ہوئے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ روزگار کیلئے کراچی آتے تھے اور سڑکوں پر بلا خوف رہتے تھے ،کراچی میں سڑکوں پر گھومتے تھے اور پھر واپس جا کر کراچی کی رونقوں اور روشنیوں کے بارے میں باتیں کرتے تھے لیکن کراچی میں کچھ عرصہ کیلئے یہ رونقیں اور روشنیاں لوگوں سے چھین لی گئیں، ہماری حکومت کے مثبت اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج وہ رونقیں بحال ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی ماضی کی رونقیں بحال کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کی رونقیں مستقل قائم رہیں اور پاکستان کی بھی رونقیں بحال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبریں سننے کو ملتی تھیں کہ دہشت گردوں کا حملہ ہوگیا ہے لیکن وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے کے مسئلہ کو اولیت دی اور آپریشن ضرب عضب میں ہماری پاک فوج، رینجرز، پولیس، انٹیلی جنس اداروں نے مل کر ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے قربانیاں دیں، ان کا ثمر ملا، جس کی وجہ سے پاکستان اب پر امن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے آج ہمارے ملک کی فضاء پورے طریقے سے پرامن ہے اور ہماری درس گاہیں، تفریحی مقامات، اسکول، عبادت گاہیں اور پارک محفوظ ہیں۔

مزید : صفحہ اول