پاکستانی ہائی کمیشن کا بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ ،پاکستانی خاتون کی گرفتاری پر احتجاج

پاکستانی ہائی کمیشن کا بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ ،پاکستانی خاتون کی ...

اسلام آباد،نئی دہلی (آن لائن)بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستانی خاتون چندا بی بی کی گرفتاری پر بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کر کے شدید احتجاج کیا ہے اور جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا ،ملکی وغیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روزبھارت کے شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون چندا بی بی کو بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا جس کے بعد نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے اور چندا بی بی کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا ہے،پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ چندا بی بی کی گرفتاری افسوسناک واقعہ ہے ،چندا بی بی سے متعلق جلد از جلد معلومات فراہم کی جائیں تا کہ پاکستانی خاتون کا ریکارڈ چیک کیا جا سکے،پاکستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ اگر پاکستانی خاتون چندا بی بی کے پاسپورٹ کا مسئلہ ہے تو پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیداروں کو معلومات فراہم کی جائیں اور تفتیش میں رسائی فراہم کی جائے تا کہ پاکستانی خاتون کو دوبارہ پاسپورٹ جاری کیا جا سکے۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی خاتون چندا بی بی کی گرفتاری پر بھارت سے احتجاج کیا ہے اور پاکستانی ہائی کمیشن کو بھارتی حکام سے رابطہ کیلئے کہا ہے اور چندا بی بی کی جلد از جلد رہائی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز بھارتی شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون اپنے ماموں کے ہمراہ درگا ہ پر حاضری دینے آئی ہوئی تھی اس دوران رش اور دھکم پیل میں وہ اپنے ماموں سے بچھڑ گئیں،اس دوران بھارتی ریلوے پولیس نے پاکستانی خاتون چندا بی بی سے پوچھ گچھ کے دوران پاسپورٹ طلب کیا تاہم پاسپورٹ پاس نہ ہونے پر خاتون کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا،پاکستانی خاتون چندا بی بی نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ماموں کے ہمراہ درگاہ پر حاضری دینے آئی ہیں اور ان کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات ان کے ماموں کے پاس موجود ہیں

مزید : صفحہ اول