دوسرا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی،سیریز میں کلین سویپ کر لیا

دوسرا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی،سیریز ...
دوسرا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دیدی،سیریز میں کلین سویپ کر لیا

  

کولمبو (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 1 وکٹ سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا ہے۔ ابتدائی بلے بازوں کی ”اصل“ فار م کے بعد قومی ٹیم مشکلات سے دوچار ہو گئی تاہم کپتان شاہد آفریدی نے حسب روایت جارحانہ کھیل پیش کیا اور 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 45 رنز بنا کر ٹیم کو یقینی شکست سے بچاتے ہوئے جیت کی بنیاد رکھی جس کے بعد انور علی نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 4چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور پھر عماد وسیم نے چھکا مار کر ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ سری ورد نے اور کیپوگیدرا نے چھٹی وکٹ میں پاکستانی باﺅلرز کی خوب دھلائی کی اور 55 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اوپنرز پریرا اور دلشان نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے ابتدائی گیندوں کو باﺅنڈری کی راہ دکھائی اور پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ میچ کے تیسرے اوور میں انور علی کی گیند پر محمد حفیظ نے دلشان کا آسان کیچ چھوڑ کر انہیں ایک اور موقع فراہم کر دیا تاہم اسی اوور کی چوتھی گیند پر انہوں نے دوبارہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی جو سیدھی محمد حفیظ کے ہاتھوں میں گئی اور اس بار انہوں نے گیند پر دبوچ ہی لیا اور سری لنکا کی اہم وکٹ پاکستان کو مل گئی جبکہ اس سے اگلے ہی اوور میں شعیب ملک نے پریرا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ دونوں کھلاڑیو ں نے بالترتیب 10 اور 19 رنز بنائے۔

جے سوریا نے ٹیم کو پہنچنے والے ابتدائی نقصان کا خوب ازالہ کیا اور 40 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو قدرے سنبھال لیا تاہم وہ بھی 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سری وردنے اور کیپوگیدرا نے انتہائی جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 55 رنز جوڑ کر اچھا ہدف فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ سری وردنے 23 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ کیپوگیدرا نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں دی سلوا نے 14 اور تشارا پریرا نے 1 سکور بنایا۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انور علی، سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز کے مایوس کن آغاز کے بعد مڈل آرڈر بلے بازوں کی ”اصل“ فارم بھی بحال ہو گئی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کے بجائے گراﺅنڈ میں صرف ” حاضری“ دینے ہی آئے۔ کوئی بھی بلے باز نوجوان سری لنکن باﺅلرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہا تاہم کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 22 گیندوں پر 4 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 45 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھی جس کے بعد انور علی نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 58 رنز جوڑ کر پاکستانی ٹیم کو ناقابل یقین فتح کے قریب پہنچا دیا ۔ انور علی نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 16 گیندوں پر 4چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے 14 گیندوں پر 1 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے فرنینڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جے سوریا، پریرا اور سری وردنے سے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل -Headlines -