چین نے بھارتی فوج کا تماشہ بنادیا، ایسی حرکت کہ جان کر آپ کو بھی بھارت کی بے بسی پر ہنسی آجائے گی
نئی دلی (نیوز ڈیسک) چینی افواج کے بھارتی سرحد میں داخل ہونے کا واویلا مچانے کے بعد اب بھارت پر یہ انکشاف بھی ہو گیا ہے کہ چین اس دراندازی سے قبل بھارت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بھی کر رہا تھا اور اس کے جاسوس جہاز اور ہیلی کاپٹر بھارتی حدود میں پرواز کر رہے تھے۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے اب جاکر پتہ چلا ہے کہ ریاست اتراکھنڈ میں چینی فوج کے داخلے سے قبل چین کے جاسوسی کرنے والے طیاروں نے بارہا بھارتی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اخبار نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ چینی افواج کے Tupolovtu 153M طیارے نے اترپردیش، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے علاقوں میں دراندازی کی۔
بھارتی انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران یہ کام تقریبا ً 3بار ہوا۔ رپورٹ کے مطابق چین کا جاسوسی طیارہ 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتا ہے اور ہر قسم کے راڈار سے بچنے کے لئے 60 ہزار فٹ کی بلندی تک جاسکتا ہے، جبکہ اتنی زیادہ بلندی سے بھی زمین پر موجود اہداف کی تصاویر بناسکتا ہے اور حساس معلومات اکٹھی کرسکتا ہے۔ چینی جاسوس طیارہ یہ تمام کام خراب موسم اور رات کی تاریکی میں بھی بخوبی کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے حال ہی میں شور مچایا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز میں چینی فوج ریاست اتراکھنڈ میں داخل ہو گئی تھی۔ بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے یہ خبر بھی آئی تھی کہ چینی فوجیوں نے ایک بھارتی سویلین ٹیم کو اس علاقے سے یہ کہہ کر بھگادیا تھا کہ یہ چینی علاقہ ہے جس کا نام ”ووجے“ ہے۔