نئے وزیر اعظم کے انتخاب سے سیاسی بے چینی کا خاتمہ ہوجانا چاہئے،ایس ایم منیر

نئے وزیر اعظم کے انتخاب سے سیاسی بے چینی کا خاتمہ ہوجانا چاہئے،ایس ایم منیر

کراچی(اکنامک رپورٹر)ٹڈاپ کے سابق چیف ایگزیکٹو اوریونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ نئے وزیر اعظم کے انتخاب سے ملک میں پھیلی ہوئی سیاسی بے چینی کا خاتمہ ہوجانا چاہیئے،نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی انتہائی سمجھ بوجھ رکھنے والے سیاستدان ہیں اور ان کے والا خاقان عباسی نے بھی ملک کی خدمت کی ہے، بزنس کمیونٹی کو یقین ہے کہ نامزد وزیراعظم انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹورنٹو ،کینیڈا میں مقامی بزنس مین خالد رضوان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کہی۔عشائیہ میں یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاری،ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران صدیقی،پی آئی اے کے سابق ایم ڈی شیرافگن،راجہ کیانی،کلیم صدیقی،ایس ایم عمران، نور احمدخان اوردیگر بھی شریک تھے۔ایس ایم منیر نے توقع کا اظہار کیا کہ ایکسپورٹرز کے مسائل حل ہوتے ہی جلد ہی ملکی برآمدات میں تیزی آئے گی اور اس سلسلے میں نامزد عبوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورنامزد مستقل وزیرا عظم شہباز شریف کو بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا ادراک ہے اور میری تجویز ہے کہ نئے وزیراعظم ملکی اکنامی کی بہتری کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں اور انہیں اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چائنا کی دوستی کی مضبوطی کی شاہراہ ثابت ہوگا اورسی پیک تجارت ،برآمدات اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے وسیع موا قع فراہم کریگا،حکومت ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے بھی سی پیک کے زیادہ سے زیادہ ثمرات سمیٹنے کی حکمت عملی مرتب کرے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے آئندہ فیڈریشن الیکشن کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں ،یو بی جی کے مقابلے پر ویسے تو کوئی امیدوار سامنے نہیں آئے گا اور اگر کسی نے دوبارہ صدر بننے کیلئے قسمت آزمائی کرنا چاہی تو اسے عبرتناک شکست دیں گے ۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ٹورنٹو میں پاکستان سنگل کنٹری نمائش کی تیاریاں جاری ہیں اور یہ نمائش کامیاب ثابت ہوگی،اس نمائش میں پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں ایگزی بیوٹرز شرکت کررہے ہیں۔

مزید : کامرس