نوجوان سوئمرز کے فن کو پالش کرینگے ، ڈی جی سپورٹس پنجاب

نوجوان سوئمرز کے فن کو پالش کرینگے ، ڈی جی سپورٹس پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بین الاقوامی کوچ اور سوئمربینجمن نک گالنگھم نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے سوئمرز کیلئے عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنایا ہے جس سے نوجوانوں کو سیکھنے کا بہترین موقع ملے گا،نوجوان سوئمرز کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، تربیتی کیمپ سے 4سوئمرز کو منتخب کیا جائے گا جن کو انگلینڈ میں تربیت دی جائے گی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ بین الاقوامی کوچز کی نوجوانوں کو تربیت بارش کا پہلا قطرہ ہے، 40سوئمرز تیار کریں گے جو کہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز اور سوئمرز کے تربیتی کیمپ کے افتتاحی روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انٹرنیشنل برطانوی کوچ لیڈی جو ، بینجمن گالنگھم ،ڈائریکٹرایڈمن جاوید رشید چوہان،ڈائریکٹرسپورٹس محمد انیس شیخ اورڈاکٹر امتیاز بھی موجود تھے، نک گالنگھم نے کہا کہ پاکستان نے کھیل کے شعبے میں ناقابل تسخیر کھلاڑی پیدا کئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز اور سوئمرز کیلئے چار روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے جس کیلئے میں سوئمرز اور کوچز کو تربیت دینے کیلئے آیا ہوں ، یہاں نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے ، اس ٹیلنٹ کوتربیت دیکر نکھارا جائیگا تو پاکستانی نوجوان بھی سوئمنگ کی دنیا میں پاکستان کی جانب سے عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو تربیت دے کر مجھے دلی خوشی ہورہی ہے، اس تربیتی کیمپ سے 4 بہترین سوئمرز کا انتخاب کیا جائے گا اوران کو انگلینڈ میں سکالر شپ پروگرام کے تحت تربیت دی جائے گی جس کے بعد وہ عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے، نوجوان سوئمرز کو تربیتی کیمپ میں اپنی صلاحتیں نکھارنے کا موقع ملے گا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ سوئمنگ کے کھیل کو فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے عالمی شہرت یافتہ سوئمر نک گالنگھم کو مدعو کیا ہے ، ان کی آمد پر ہم ان کے مشکور ہیں، تربیتی کیمپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے سوئمرز کو سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے، چار روزہ تربیتی کیمپ میں پہلے روز کوچز کو تربیت دی جائیگی دیگر تین یوم سوئمرز کیلئے ہونگے، انہوں نے کہا کہ یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جس میں واٹر کیمرے اور ویڈیو انالسیز کی سہولت بھی میسر ہے جس سے سوئمرز کی خامیوں کی نشاندہی ہوگی، انہوں نے کہا ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں وہ ہمارے پاس آئیں ہم ان کو ہر طرح کی سہولتیں اور تربیت فراہم کریں گے اور ان کے فن کو پالش کریں گے۔ ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد انیس شیخ نے بتایا کہ کیمپ میں12،14،16ایچ گروپ کے کل 160لڑکے اور لڑکیوں اور40کوچز کو تربیت دی جارہی ہے، کیمپ میں سوئمرز کو جدید تکنیک سے متعلق بھی بتایا جائے گا۔نک گالنگھم اور انکی ٹیم نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا بھی دورہ کیا اور بہترین انتظامات کو سراہا۔