سیکرٹری سپورٹس کا غلط خبر کی اشاعت پر میڈیا ڈیپارٹمنٹ کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے غلط پریس ریلیز جاری کرنے اور اپنے فرائض احسن طریقہ سے سر انجام نہ دینے پر پنجاب سپورٹس بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اراکین کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم دیدیا ۔پنجاب سپورٹس بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی پر ی لانچنگ تقریب کے شیڈول کو 31جولائی کی بجائے 31جنوری جاری کردیا تھا اور اس غلطی کو سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال کے بیان سے منسوب کردیا تھا ۔میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی غلطی کی وجہ سے سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال کے نام سے جاری کردہ غلط بیان کئی اخبارات میں شائع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے سیکرٹری سپورٹس پنجاب کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے اس غلطی کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم دیدیا ۔نمائندہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔واضح رہے کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ طور پر گنجائش سے زیادہ عہدیدران کو سفارش کی بنیاد پر کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا ۔جب میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے چھانٹی کی گئی تو پنجاب سپورٹس فیسٹول کی تاریخی کوریج کرنے والے سینئر اراکین غالب باجوہ اور انجم کاظمی کو فارغ کردیا گیا اور ناتجربہ کار اراکین جن کی سفارشیں تھیں ان کو دوبارہ رکھ لیا گیا ۔جن کی مسلسل غلطیوں کی وجہ سے پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو کئی مرتبہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ۔