ناقص تفتیش کی بنا ء پر 60چالان پولیس کو واپس ، ایس ایس پی آپریشنز کو کارروائی کیلئے مراسلہ
لاہور(نامہ نگار)پراسیکیوشن برانچ سیشن کورٹ سے پولیس کی طرف سے بھجوائے گئے 60چالان ناقص تفتیش کی بنا پرپراسکیوٹرز نے اعتراض لگا کر واپس بھجوا دیئے ۔مذکورہ مقدمات کے تفتیشی افسران کے خلاف کارروائی کے لئے ایس ایس پی آپریشنز کو مراسلہ بھی بھجوادیا گیاہے۔سیشن کورٹ میں قتل اور دیگر سنگین مقدمات کی سماعت کے لئے پولیس کی طرف سے چالان مکمل کرکے پڑتال کے لئے ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر آفس میں بھجوائے جاتے ہیں، جہاں سے پٹرتال کے بعد پولیس مجسٹریٹ کی وساطت سے چالان سیشن عدالتوں میں بھجوا دیتی ہے جہاں باقاعدگی سے سماعت شروع ہو جاتی ہے۔ پولیس کی طرف 60چالان پڑتال کے لئے بھجوائے ،جس کی پڑتال کے بعد پولیس کی تفتیش پر اعتراض لگا کرپراسیکیوٹرز نے چالا ن ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر کو بھجوا دیئے ،پراسیکیوٹرز کے مطاق تفتیش ناقص ہونے کی بنا پرچالان پولیس کو واپس بھجوا ئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محبوب احمد نے ایس ایس پی آپریشنز کو اس ضمن میں مراسلہ بھی بھجوایا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسران کو تفتیش میں ضابطے کی کارروائی کو پورا کرنے کی ہدایت کریں۔ مراسلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر چالان میں تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کئے جائیں گے تو کس طرح ملزمان کو سزائیں دلوائی جائیں گی۔