جج سے بد تمیزی ، ملتان بار کے صدر شیر اور سیکرٹری قیصر عباس کے وارنٹ گرفتار ی

جج سے بد تمیزی ، ملتان بار کے صدر شیر اور سیکرٹری قیصر عباس کے وارنٹ گرفتار ی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگارخصوصی ) لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے جسٹس قاسم خان سے بدتمیزی کرنے کے توہین عدالت کیس میں پیش نہ ہونے پرلاہور ہائی کورٹ بارملتان کے صدر شیر زمان اور سیکرٹری قیصر عباس کاظمی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں، عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ اگر عدلیہ کی عزت اور احترام نہیں کرنا تو عدالتی نظام بند کر دیں۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں 5رکنی فل بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم کے باوجود ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر شیر زمان خان اور سیکرٹری قیصر عباس کاظمی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے آر پی او ملتان کو ملتان بار کے صدر اور سیکرٹری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیاہے جس پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر ذوالفقار چودھری اور ملتان بار کے سابق عہدیداروں نے کہا کہ وہ عدلیہ کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتے ،انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لئے جائیں، عدالتی احترام میں ملتان بار کے صدر اور سیکرٹری عدالت میں پیش ہو جائیں گے جس پر عدالت نے صدر لاہور ہائیکورٹ بار ذوالفقار چودھری کی ذاتی درخواست پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی واپس لے لئے،عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے تبدیل کر دیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کبھی اخلاق سے نیچے نہیں اتری، عدالت کے سامنے پیش نہ ہونا ،عدالت کو گالی گلوچ کرنا اور جج کے نام کی تختی کوپاؤں تلے روندناتوہین عدالت ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کیا قیامت آ گئی تھی کہ کنونشن کر کے ججوں کے پتلے جلائے گئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کی کردار کشی کا سلسلہ بند نہ ہوا تو عدالت کاروائی جاری رکھے گی۔عدالت نے شیر زمان اور قیصر عباس کاظمی کو 2اگست کوعدالت کے روبرو پیش ہونے کا موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
وارنٹ

مزید :

صفحہ آخر -