جاوید ہاشمی نے ٹکٹوں کے پیسے لئے ، میں نے رپورٹ دبالی : عمران خان

جاوید ہاشمی نے ٹکٹوں کے پیسے لئے ، میں نے رپورٹ دبالی : عمران خان
 جاوید ہاشمی نے ٹکٹوں کے پیسے لئے ، میں نے رپورٹ دبالی : عمران خان

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے جس شخص نے ٹکٹوں کی تقسیم پر پیسے لینے کی رپورٹ کو دبایا اس جاوید ہاشمی سے زندگی میں سب سے زیادہ مایوس ہوا ہوں، اسلام آباد لاک ڈاؤن کے وقت عدالت نے کہا ملک میں انتشار ہو رہا ہے معاملہ عدالتی فورم پر حل کر لیں۔ شہباز شریف کیخلاف الیکشن میں حصہ لیں گے ہاریں یا جیتیں ظالم مافیا کیخلاف جہاد جاری رکھیں گے۔گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انکا مزید کہنا تھا میں اللہ کے سامنے کہتا ہوں جاوید ہاشمی کے مجھ پرعائد الزامات جھوٹ ہیں۔ مجھے زندگی سب سے زیادہ مایوسی جاوید ہاشمی سے ہوئی اتنی کسی شخص سے نہیں ہوئی۔ میں نے اتنی عزت دی مگر انہوں نے ہمارے لوگوں سے ٹکٹ پر پیسے لئے ،تحقیقاتی رپورٹ آئی تو میں نے دبا لی۔ جاوید ہاشمی کی اخلاقیات کا قبلہ نہیں ہے میں جاوید ہاشمی پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ اگر میں نا اہل بھی ہو گیا تو پھر بھی آئین کے اندر آرٹیکل 62-63کو رکھنے کی حمایت کرونگاکیونکہ کسی بھی لیڈر کیلئے سچا اور ایماندارہونابہت ضروری ہے۔اس کے بغیر قومیں برباد ہو جاتی ہیں۔ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے تمام مقدمات کیلئے تیار ہوں ،مگر میرے ذاتی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ نہ ہی میں نے شریف خاندان کے ذاتی معاملات میں مداخلت کی ۔ اگر میری ذاتی زندگی پر بات ہوئی تو میں کہہ دوں گا کہ میں فرشتہ نہیں ہوں مگر میرے پیسہ کے حوالے سے بات کریں۔ لوگوں سے جھوٹ کے حوالے سے بات کریں۔ مسلم لیگ ن خاندانی پارٹی ہے مگر میں نا اہل ہو گیا تو پارٹی میں الیکشن کراؤں گا، جو الیکشن جیتا جسکو پارٹی منتخب کریگی پیچھے بیٹھ کر سپورٹ کروں گا۔ نا اہل ہونے کے بعد نمل یونیورسٹی پر توجہ دوں گا۔ جب ہم اسلام آباد لاک ڈاؤن میں تھے عدالت کی پہلی تاریخ میں عدالتی بنچ نے کہا ملک میں انتشار ہو رہا ہے اپنا معاملہ عدالتی فورم میں آکر حل کریں۔ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں شہباز شریف کا نام آیا ہے یہ حدیبیہ پیپر مل کا ڈائریکٹر تھا، اربوں کی سیٹلمنٹ کی تھی انہوں نے قطری کا خط پہنچایا جو فراڈ نکلا، جس کا مطلب ہے منی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر لے کر گئے۔08ء کے الیکشن میں دو جماعتوں نے مک مکا کیا۔ ان لوگوں نے پاکستانیوں کو بھیڑ بکریاں سمجھا ہوا ہے۔ آصف زردرای، شہباز شریف، اسحاق ڈار، سعید احمد منی لانڈرنگ کرتے رہے ہیں۔ نیب میں ریفرنس چلا جائے تو استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔ وزیراعظم بننے سے پہلے شہباز شریف کو نیب میں جانا پڑے گا بعد میں کیا ضمانتوں پر پھریں گے۔ نواز شریف کی نا اہلی سے ہم نے مسلم لیگ ن کا بہت نقصان پہنچایا ہے،ن لیگ کو شریف خا ند ا ن سے الگ ہو جانا چاہیے ،این اے 120سے اگر شہباز شریف جیت گیا تو پھر بھی ہم لڑیں گے، جب تک زندہ ہوں ان کیخلاف لڑتا رہو ں گا۔ ہم حق اور سچ پر کھڑے ہیں ظالم مافیا کیخلاف جہاد کر رہے ہیں۔ عدالتوں سے نا اہل ہونے کے بعد لوگ نہ تو اخبارات میں آتے ہیں اور نہ عوامی مقامات پر آ سکتے ہیں۔ اگر میری ذات کا معاملہ ہوتا تو نواز شریف سے کبھی بھی لڑائی نہ ہوتی40سال سے نواز شریف کیساتھ واقفیت ہے ان کو کرکٹ کے زمانے سے جانتا ہوں۔ وہ کرکٹ کے بہت شوقین ہیں۔ میں تو مذاق میں کہتا ہوں کہ نواز شریف اپنے ایمپائر وں کو کھڑا کر کے کھیلتے تھے۔ ذاتی طور پر کوئی جتنا بھی اچھا ہو تاہم جو ملک کو نقصان پہنچائے گا وہ میرا دشمن ہے۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول