جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے : شہباز شریف

جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے : ...
 جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانیوالے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے : شہباز شریف

  

 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نیازی صاحب نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف گھناؤنی سازش کی تاہم عوام نے اپنے اتحاد کی طاقت سے اس سازش کو ناکام بنایا۔ باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ بے بنیاد الزامات لگانے والے اس سیاستدان کی جماعت کو ہر الیکشن میں شکست ہوئی ہے۔ جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار یہ عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں۔ سیاست دیانت اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے۔ عوام کی خدمت سے عاری سیاستدان دشنام طرازی اور جھوٹ کے ذریعے سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں اور ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والے نام نہاد سیاستدانوں کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور باشعور عوام ملکی معیشت اور ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کہاکہ محمد نوازشریف کے دورمیں پاکستان نے بے مثال ترقی کی ہے اور مسلم لیگ (ن) کے ہاتھوں پاکستان کی تقدیر بدلتے دیکھ کر مخالفین کو تکلیف ہو رہی ہے۔پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں۔نیازی صاحب اور ان کے ٹولے کی ملک و قوم کی ترقی کا راستہ روکنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ غریب عوام خوشحالی کے راستے میں رخنہ ڈالنے پر تحریک انصاف کی قیادت کوکبھی معاف نہیں کریں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن ) کا مشن ہے اورفلاح عامہ کے منصوبوں کے ذریعے عوام کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اورگزشتہ چار برس کے دوران رکاوٹوں کے باوجود فلاح عامہ کے منصوبوں کوشفافیت اوررفتار کے ساتھ مکمل کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کے باعث آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہو گی۔ منفی سوچ کے حامل سیاست دان عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں ۔ دھرنا پارٹی نے بار بار غریب عوام کی بدلتی قسمت کو کھوٹی کرنے کی کوشش کی۔ دھرنا پارٹی کے سربراہ کو جھوٹ، الزام تراشی اور منفی سیاست کے موجد کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول