کٹھ پتلی کی پرواہ نہیں،زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں، پیپلزپارٹی

کٹھ پتلی کی پرواہ نہیں،زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں، پیپلزپارٹی

کراچی(آن لائن) عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان بلاول ہا ؤس کا کہنا ہے کہ آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں اور انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ترجمان بلاول ہاؤس بیرسٹر مرتضی وہاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان شتر مرغ کی طرح آنکھیں بند کر رہے ہیں۔ جس احتساب کا سامنا آصف علی زرداری نے کیا موجودہ سیاسی دور میں اس کی مثال نہیں ملتی، آصف زرداری ساڑھے 11سال جیل کاٹ کر انہی عدالتوں سے بری ہو چکے ہیں، آصف زرداری کی زبان کاٹی گئی اور ان پر سخت تشدد کیا گیا لیکن کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، آصف زرداری پاکستان کے نیلسن منڈیلا ہیں اور انہیں کٹھ پتلی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے کہ نواز شریف کے بعد عمران کی باری ہے، اگلی باری آصف زرداری کی ضرور ہے لیکن حکومت کرنے کی، عمران خان اپنی خیر منائے کیوں کہ 62 اور 63 اب ان کی طرف آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بدحواسی میں بیان دینا بند کریں، عمران خان یہ تاثر دینا چھوڑ دیں کہ ملک کے سب ادارے ان کی مٹھی میں بند ہیں، عمران خان کچھ عرصے میں میاں اظہر بننے جا رہے ہیں اور اڈیالہ جیل ان کا انتظار کر رہا ہے۔

پیپلز پارٹی

مزید : کراچی صفحہ اول