ریلوے میں بحالی اور جدت کے سفرکو تیزکرنا ہوگا،مسز پروین آغا
لاہور(نمائندہ پاکستان) ریلوے کے نظام کو فول پروف بنانا ہے، سی پیک سمیت تمام منصوبوں میں ریلوے کو مزید فعال کردار ادا کرنا ہے، عصر حاضر کے مطابق جس جدت اور بحالی کو اپنایا ہے اس سفر کو مزید تیز کریں گے،یہ بات چیئر پرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغانے گزشتہ روز 30جون 2017تک کی کارکردگی اور پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت تعمیروترقی کے تمام منصوبوں میں پاکستان ریلویز کو بطور ادارہ مزید فعال ،شفاف اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے۔ ہمیں ماضی کی کمی کوتاہی اور غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے اپنے نظام کو فو ل پروف بنا نا ہے تاکہ پاکستان ریلویز کی طرف کوئی انگلی نہ اْٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ بحالی اور جدت کے جس سفر کا آغاز کیا گیا ہے اْس میں آنے والے دنوں میں ہمیں تیزی لانا ہو گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مسز پروین آغا نے مزید کہا کہ آئندہ تمام پراجیکٹس جو آپریشنل نوعیت کے ہوں اْنہیں ٹریفک ، کمرشل اورانجینئرنگ شعبوں کے ماہرین مل کر مشاورت کے ساتھ وزارت ریلوے کو بھجوائیں تاکہ کسی قسم کی کوئی خامی باقی نہ رہ سکے۔انہوں نے تمام پراجیکٹس ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ ماہانہ کی بنیاد پر اکاؤ نٹس کے معاملات چیک کر کے بھجوائیں تاکہ بجٹ اور ریلیز میں فرق ختم کیا جا سکے۔ چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور نے کہا کہ تمام پراجیکٹس ڈائریکٹرز کو کام میں تیزی کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا کیونکہ معیاری کام دیر پا ہو گا تو معاملات بھی ٹھیک طریقے سے آگے بڑھیں گے۔ پراجیکٹس ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے پراجیکٹ کے متعلق بریفنگ دی اور ان کی تکمیل اور اہداف کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ اجلاس میں مشیر ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصر بااللہ خان، ڈی جی پلاننگ مظہر علی شاہ ، چیف انجینئر اوپن لائن ظفراللہ کلوڑ ، چیف انجینئرسروے اینڈ کنسٹرکشن بشارت وحید ، چیف انجینئرلوکوموٹیوز شاہد عزیز ، چیف انجینئرکیرج اینڈ ویگنز عدنان شافع ، فنانشل ایڈوائزر اینڈ چیف اکا ؤ نٹس آفیسر ڈاکٹر محمد سعید کے علاوہ سینئر افسران اور پراجیکٹس ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
پروین آغا