اورنگی ٹاؤن میں پانی کی پائپ لائن کی مرمت کی جا رہی ہے،جام خان شورو

اورنگی ٹاؤن میں پانی کی پائپ لائن کی مرمت کی جا رہی ہے،جام خان شورو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 48 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن کی مرمت کی جا رہی ہے ۔ پانی کی پائپ لائنوں میں سیوریج کا پانی شامل ہونے کا مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رکن سیف الدین خالد کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دے رہے تھے ۔ سیف الدین خالد نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پانی کی قلت کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ اورنگی ٹ ٹاؤن میں 48 انچ قطر کی پائپ لائن میں رساؤ ہو رہا ہے ۔حکومت سندھ نے پائپ لائن کی مرمت کیوں نہیں کی ۔پانی کی پائپ لائنوں میں گٹر کا گندا پانی بھی شامل ہو جاتا ہے ۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن غزالہ سیال کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ چیئرمین زکواۃ و عشر خیرپور کو زکواۃ فنڈ سے گاڑی نہیں دی جا سکتی ۔ حکومت سندھ اگر گاڑی دینا چاہے تو کوئی اعتراض نہیں ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سعید خان نظامانی اپنے توجہ دلاؤ نوٹس پر کہاکہ سانگھڑ سول اسپتال کو اپ گریڈ کرنے ، دواؤں کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی قلت دور کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں ۔ وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ سول اسپتال سانگھڑ کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے ۔ ڈاکٹرز کی کمی کو دور کرنے کے لیے حکومت سندھ ڈاکٹرز کی نئی بھرتیاں کر رہی ہے ۔ اسپتال کو ایک کروڑ روپے سے زائد کی دوائیں فراہم کی گئی ہیں ۔ مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن وریام فقیر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر سینئر وزیر خوراک و پارلیمانی امور سانگھڑ میں سیم نالوں کی بھل صفائی کر دی گئی ہے ۔ اگر کوئی سیلابی صورت حال پیش آئی تو اس علاقے میں بڑی تعداد میں پمپنگ اسٹیشنز موجود ہیں ، جن کے ذریعہ پانی کی نکاسی کی جا سکتی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر