سندھ کے الیکشن مسترد کرتے ہیں،عوام کا مینڈیٹ چرایا اور انتخابات میں دھاندلی کی گئی :ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

سندھ کے الیکشن مسترد کرتے ہیں،عوام کا مینڈیٹ چرایا اور انتخابات میں دھاندلی ...
سندھ کے الیکشن مسترد کرتے ہیں،عوام کا مینڈیٹ چرایا اور انتخابات میں دھاندلی کی گئی :ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

  

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)  پیپلز پارٹی سے بغاوت کرنے والی سابق سپیکر قومی اسمبلی  ڈاکٹر  فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ میں ہونے والے الیکشن کومسترد کرتے ہیں،سندھ میں عوام کا مینڈیٹ چرایا گیا اور انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا  کہ جس طرح کبھی کراچی میں دھاندلی کی جاتی تھی ،اسی طرح بدین میں بھی دھاندلی کی اور اس دھاندلی کے لئے تمام طریقے استعما ل کئے گئے ،پولنگ سٹیشنز پر اپنے من پسند پریزائیڈنگ افسران لگائے گئے لیکن کوئی دیکھنے والا نہیں تھا۔فہمیدہ مرزا نے کہا کہ انہوں نے بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دی تھی لیکن یہ کیسی ری کاؤنٹنگ ہے کہ مخالفین کے بیلٹ بڑھ جاتے ہیں میرے کم پڑجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرنگ افسر(آراوز) اور انتخابی عملے کو بیلٹ پیپرز سیل کرنے کا کہا تاہم ہماری کوئی بات نہیں مانی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ نتائج فارم49سے مختلف آ رہے تھے، سمجھ سے باہر ہے کہ آر اوز نے انہیں کیوں نشانہ بنایا؟ محسوس ہوتا ہے کہ سارا کھیل اعلی سطح پر کھیلا گیا ہے، 2018کے انتخابات کا تو پورے ملک کو انتظار تھا لیکن نتائج نے سب کو تشویش میں ڈال دیا ہے ۔واضح رہے کہ  ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نےمسلسل پانچویں بار قومی اسمبلی کی نشست جیت کر پاکستان کی خواتین پارلیمنٹرین کا ریکارڈ قائم کیا ،وہ یہ نشست سندھ کے شہر بدین سے 4 بار پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے اور اس بار پانچویں مرتبہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے این اے 220 سے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کر چکی ہیں۔

مزید : قومی