کیا ہمارا وزیر اعظم خوبصورت ہے یا کینیڈا کا ؟سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی
اسلام آباد، ٹورنٹو (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیٹ پر ایسی کئی ویب سائٹیں پائی جاتی ہیں جو دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہوں اور سیاست دانوں کی خوبصورتی کا مقابلہ کرتی رہتی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویب سائٹ(hottestheadsofstate.com )ہے جو اپنے نام کے مصداق دنیا کے حسین ترین سربراہان کی ریٹنگ کرتی ہے۔فی الحال اس فہرست میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو سب سے اوپر، سپین کے پیدرو سانچیز دوسرے، جب کہ بھوٹان کے شہنشاہ جگمے گھیسار نامگیل وانگچک تیسرے نمبر پر ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا پر بحث چل رہی ہے کہ اگر اگلے چند دنوں کے اندر اندر عمران خان اپنی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو کیا وہ کسی ملک کے سب سے وجیہہ سربراہ بن جائیں گے؟
ٹوئٹر پر ایک صارف عائشہ نے لکھا:
'جسٹن ٹروڈو کو بھول جائیں۔ خواتین و حضرات، آپ کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حسین ترین وزیرِ اعظم، مسٹر عمران خان۔
کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار صحافی رابعہ انعم نے عمران خان کی فتح کی تقریر ختم ہوتے ہی کیا تھا کہ اب ٹروڈو دنیا کے سب سے ’ہینڈسم‘ سربراہ نہیں رہے۔
ٹوئٹر کے ایک اور صارف انجینئر صدام خان نے لکھا:
'پیارے ٹروڈو! میرے وزیرِ اعظم عمران خان سے ملو۔ شرمانا نہیں کیوں کہ وہ تم سے زیادہ حسین ہیں۔,
ماریہ شمیم نے لکھا:
'ٹروڈو، میکخواں، جیسنڈا اور اب عمران خان۔ یہ نوجوان،نوجوان لگنے والے، خوبصورت رہنماوں کا دور ہے۔'
عمران خان پہلے ہی سے اسی قسم کی ایک اور فہرست میں شامل ہیں۔ اس میں دنیا کے نو حسین ترین سیاست دانوں کی درجہ بندی کی گئی ہے اور اس میں اٹلی کی سابق وزیر مارا کارافانا سرِفہرست ہیں، پاکستان کی سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر تیسرے، جب کہ عمران خان نویں نمبر پر ہیں۔
تاہم چونکہ یہ فہرست صرف سیاست دانوں پر مبنی ہے، سربراہان پر نہیں، اس لیے عمران خان کے مداح امید رکھ سکتے ہیں کہ جب اسے اپ ڈیٹ کیا جائے گا تو عمران خان اوپر چلے جائیں گے۔